رسائی کے لنکس

جان کیری کے خلیجی ممالک کے وزرائے خارجہ سے اہم رابطے


فائل فوٹو
فائل فوٹو

ان دنوں امریکی وزیر خارجہ مشرقِ وسطیٰ سے متعلق معاملات پر اہم سفارتی کوششوں میں مصروف ہیں۔

جان کیری لندن میں خلیجی ریاستوں کے وزرائے خارجہ سے ملاقات کریں گے۔

امریکی وزارت خارجہ کے مطابق دورہ سعودی عرب کے بعد جان کیری خلیجی ریاستوں کے وزرائے خارجہ سے لندن میں اہم ملاقات کریں گے، جس میں مشترکہ علاقائی ترجیحات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

ان دنوں امریکی وزیر خارجہ مشرقِ وسطیٰ سے متعلق معاملات پر اہم سفارتی کوششوں میں مصروف ہیں۔

اس وقت ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق مذاکرات کا معاملہ امریکی وزیر خارجہ کی ترجیحات میں سرِ فہرست ہے۔ اس ہفتے انہوں نے ایرانی وزیرِ خارجہ جواد ظریف سے اس بارے میں سوئٹزرلینڈ میں تین روزہ مذاکرات کیے۔

اس کے فوراً بعد امریکی وزیرِ خارجہ سعودی عرب پہنچے جہاں جمعرات کو انہوں نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان کے علاوہ خلیج تعاون کونسل میں شامل کویت، اومان، قطر، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے وزرائے خارجہ سے ملاقات کی۔

ان ملاقاتوں میں انہوں نے امریکہ کے ایران کے ساتھ مذاکرات کے سلسلے میں خلیج میں سنی اکثریت والی ریاستوں کے تحفظات دور کرنے کی کوشش کی۔

جمعرات کو سعودی وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل کے ساتھ ریاض میں پریس کانفرس میں انہوں نے کہا کہ امریکہ ایران کے عدم استحکام پھیلانے والے اقدامات سے نظریں نہیں چرائے گا۔ امریکہ کے حلیف خلیجی ممالک کو تشویش ہے کہ ایران کے ساتھ جوہری معاہدہ اسے جوہری ہتھیار بنانے سے نہیں روک سکے گا۔

ان کا یہ بھی مؤقف ہے کہ اس معاہدے سے ایران پرعالمی دباؤ کم ہو جائے گا جس کے نتیجے میں اسے علاقائی امور میں مداخلت کا مزید موقع ملے گا۔

تاہم جان کیری نے ان کو یقین دلایا کہ ’’اگرچہ ہم ایران سے جوہری معاملے پر بات چیت کر رہے ہیں، لیکن ہم ایران کی شام، لبنان، اور جزیرہ نما عرب، خصوصاً یمن میں عدم استحکام پھیلانے والی سرگرمیوں سے نظریں نہیں چرائیں گے۔‘‘

انہوں نے کہا کہ ایران کے ساتھ جوہری معاہدہ کسی ’’بڑے سمجھوتے‘‘ کا حصہ نہیں ہو گا اور امریکہ ایرانی مداخلت کے خلاف اپنے خلیجی حلیفوں کی حمایت کرتا رہے گا۔

امریکہ کے علاوہ برطانیہ، چین، فرانس، روس اور جرمنی بھی ایران کے جوہری معاملے پر مذاکرات میں شامل ہیں۔ ان چھ ممالک کی کوشش ہے کہ ایران کو مذاکرات کے ذریعے اقتصادی پابندیاں ہٹانے کے عوض یورینیم کی افژودگی کم کرنے پر آمادہ کیا جا سکے۔

اپنے دورے کے اختتام پر جان کیری پیرس میں ہفتے کو اپنے ہم منصب سے ملاقات میں ایران کے جوہری پروگرام کے علاوہ شدت پسند گروپ ’داعش‘ اور یوکرین کے مسئلوں پر بات چیت کریں گے۔ یاد رہے کہ 15 مارچ سے امریکہ ایران مذاکرات دوبارہ شروع ہو رہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG