رسائی کے لنکس

موصل کے قریب فضائی حملے میں داعش کے دو اعلیٰ کمانڈر ہلاک


کرد فورسز موصل کے مشرق میں واقع ایک گاؤں میں جمع ہیں۔ فائل فوٹو
کرد فورسز موصل کے مشرق میں واقع ایک گاؤں میں جمع ہیں۔ فائل فوٹو

پینٹاگان کے مطابق مرنے والوں میں داعش کا نائب وزیر جنگ باسم محمد سلطان البجاری اور فوجی کمانڈر حاتم طالب الحمدونی شامل ہیں۔

امریکی محکمہ دفاع پینٹاگان نے جمعے کو اعلان کیا ہے کہ امریکہ کی قیادت میں قائم اتحاد نے گزشتہ ہفتے شمالی عراق میں موصول کے قریب ایک فضائی حملے میں داعش کے دو اعلیٰ کمانڈروں کو ہلاک کر دیا ہے۔

25 جون کو کی جانے والی کارروائی میں ہلاک ہونے والوں میں داعش کا نائب وزیر جنگ سمجھا جانے والا ایک جنگجو بھی شامل تھا۔

پینٹاگان کے ترجمان پیٹر کُک کے مطابق باسم محمد سلطان البجاری القاعدہ کا سابق رکن تھا جس نے جون 2014 میں شمالی شہر موصل پر قبضے کے لیے لڑائی کی قیادت کی تھی اور بعد میں شہر پر اس گروہ کے کنٹرول کو مضبوط کرنے کے لیے کام کیا۔

پیٹر کُک نے کہا کہ ’’ان دہشت گردوں کو میدان جنگ سے ہٹانے سے عراقی فورسز کے لیے ایسے حالات پیدا ہو رہے ہیں جب وہ بالآخر عالمی اتحاد کی مدد سے موصل کو آزاد کرا سکتی ہیں۔‘‘

پینٹاگان کے مطابق مرنے والوں میں داعش کا نائب وزیر جنگ باسم محمد سلطان البجاری کے علاوہ فوجی کمانڈر حاتم طالب الحمدونی شامل ہیں۔

فلوجہ کو داعش سے آزاد کرانے کے بعد عراقی فورسز کی توجہ اب ملک کے دوسرے بڑے شہر موصل کی طرف ہے۔

عراق کے فوجی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ انہیں امید ہے کہ موصل کو اس سال کے اواخر تک آزاد کرا لیا جائے گا مگر پینٹاگان کا خیال ہے کہ اس میں زیادہ وقت لگ سکتا ہے۔

XS
SM
MD
LG