عراق کے علاقے مخمور میں شدت پسند گروپ داعش کی طرف سے داغے گئے راکٹ کی زد میں آنے سے ایک امریکی میرین ہلاک ہوگیا ہے۔
امریکی محکمہ دفاع کے ایک ترجمان کا کہنا تھا کہ اس حملے میں متعدد میرین زخمی بھی ہوئے۔
مخمور میں موجود کرد فورس "پیش مرگہ" کے ایک رکن نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ اس حملے میں تین عراقی فوجی بھی زخمی ہوئے۔
پیش مرگہ نے 2014ء میں داعش سے مخمور کا قبضہ چھڑوا لیا تھا اور توقع کی جا رہی ہے کہ یہ موصل پر چڑھائی کے لیے عراقی اور پیش مرگہ فورسز کے لیے اہم علاقوں میں سے ایک ہے۔
امریکی فورسز عراق فوج کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہیں جو حال ہی اس علاقے میں داخل ہوئی ہیں۔ مخمور پر اس سے پہلے بھی متعدد بار راکٹ حملے ہو چکے ہیں۔