رسائی کے لنکس

امریکی فوجی دستہ شمالی شام میں تعینات: رپورٹ

سیرئن ڈیموکریٹک فورسز کے جنگجو (فائل فوٹو)
سیرئن ڈیموکریٹک فورسز کے جنگجو (فائل فوٹو)

امریکہ کے موقر اخبار واشنگٹن پوسٹ، جس نے سب سے پہلے اس تعیناتی کے بارے میں رپورٹ دی تھی، کا کہنا ہے کہ توپ خانہ کے دستے کی آمد ایک اہم اضافہ ہے۔

شام کے شمال میں شدت پسند گروپ داعش کے قبضہ سے رقہ شہر کو واگزار کروانے کے کارروائی میں مدد کے لیے امریکی فوجیوں کو تعینات کیا جا رہا ہے۔

امریکہ کے موقر اخبار واشنگٹن پوسٹ، جس نے سب سے پہلے اس تعیناتی کے بارے میں رپورٹ دی تھی، کا کہنا ہے کہ توپ خانہ کے دستے کی آمد ایک اہم اضافہ ہے۔

اگرچہ سرکاری طور پر اس بابت کوئی اعلان سامنے نہیں آیا ہے تاہم فوجی عہدیداروں نے دیگر ذرائع ابلاغ کو اس تعیناتی کی تصدیق کی ہے۔ امریکہ کی ایک توپ خانہ یونٹ پہلے ہی سے اس علاقے میں موجود ہے۔

امریکی دستے منبج کے قصبے کی طرف روانہ کر دیئے گئے ہیں جو شدت پسند گروپ داعش کے گڑھ رقہ سے 138 کلو میٹر شمال مغرب میں واقع ہے۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ رقہ میں داعش کے چار ہزار جنگجو موجود ہیں۔

اب تک امریکہ نے ارادی طور پر شام میں اپنے زمینی دستوں کی تعداد کو پانچ سو تک محدود رکھا ہے اور یہ فوجی ان خصوصی فورسز کا حصہ ہیں جو امریکہ کی حمایت یافتہ شامی ڈیموکریٹک فورسز کی معاونت کر رہی ہیں۔ داعش کے خلاف برسرپیکار ان فورسز میں عرب اور کرد جنگجو شامل ہیں۔

XS
SM
MD
LG