میکسیکو کے شہر، کداد جواریزکےامریکی قونصل خانے سے وابستہ تین کارکنوں کی ہلاکت کےحالیہ معاملےکےحوالے سے سکیورٹی پربات چیت کے لیے امریکی وزیرِ خارجہ ہلری کلنٹن اور ایک اعلیٰ سطحی وفد اِس وقت میکسیکو سٹی میں ہے۔
وفد میں وزیرِ دفاع رابرٹ گیٹس، ہوم لینڈ سکیورٹی کی وزیر جینٹ نپولیٹانو، اور جوائنٹ چیفز آف سٹاف کے سربراہ ایڈمرل مائیکل مولن شامل ہیں۔ وہ میکسیکو کے عہدے داروں سے ایک روزہ ملاقات کے لیے منگل کو میکسیکو سٹی پہنچے۔
دونوں فریقین ایک ارب40کروڑ ڈالر کی لاگت سے ‘مریڈا اِنی شئیٹو’ کا جائزہ لے رہے ہیں، جِس کے تحت منشیات کے کارٹیلز کے خاتمےکے لیے وسیع المدتی اقدام لیا جائے گا۔ سال 2006ء میں جب سے صدر فلپ کالڈرون نے اقتدار سنبھالا ہے، میکسیکو میں منشیات کے کارٹیلز کے خلاف کارروائی کا آغاز کیا گیا ہے اور اب تک منشیات سے متعلق تشدد کے واقعات میں 15000لوگ ہلاک ہوچکے ہیں۔
محکمہٴ خارجہ نے ایک بیان جاری کیا ہے جِس میں کہا گیا ہے کہ ‘میریڈا اِنی شئیٹو ’ کے اہداف کی حمایت میں دونوں ممالک مل کر کام کر رہے ہیں تاکہ امریکہ سے میکسیکو سمگل کیے جانے والے ہتھیار، اسلحہ، دھماکہ خیز مواد اورکثیر رقوم تک رسائی کو روکا جاسکے۔
بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ناجائز رقوم کی مجرمانہ تنظیموں تک رسائی کو روکنے کے لیے دونوں ممالک مل کراقدام لے رہے ہیں۔
منگل کو ہونے والے مذاکرات کے موقعے پر صدر کالڈرون نے ٹیلی فون پر امریکی صدر براک اوباما سے بات چیت کی، جِس میں امریکی صدر نے امریکہ اور میکسیکو کے مابین مضبوط باہمی تعلقات کو قائم رکھنے کے بارے میں اپنے عزم کا اظہار کیا۔
یہ بھی پڑھیے
مقبول ترین
1