امریکہ میں بجلی کی بندش ’پاورفیلیئر‘ کے باعث جنوبی کیلیفورنیا، ریاست ایری زونا کے کچھ حصوں اور شمالی میکسیکو میں 50 لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں۔
عہدیداروں کا کہنا ہے کہ ایری زونا کی مرکزی ٹرانسمیشن لائن میں خلل پڑنے کی وجہ سے کیلیفورنیا میں سین ڈیاگو کے قریب جوہری بجلی گھر کے دو ری ایکٹر خود بخود بند ہو گئے۔
حکام بجلی کے اس تعطل کی تحقیقات کر رہے ہیں لیکن اب تک انھوں نے دہشت گردی کے کسی امکان کو رد کیا ہے۔
سان ڈیاگو، ایری زونا کے بعض علاقوں، شمالی میکسیکو میں باجا کلیفورنیا اور ٹیجوانا کے علاقوں کو بجلی کی بندش کا سامنا ہے۔
بجلی کی یہ بندش جمعرات کی شام ہوئی، جس کی وجہ سے شاہراہوں پر رش بڑھنا شروع ہو گیا اور ٹرام سروس بند ہو گئی۔ ریڈیو اور ٹی وی اسٹیشنز کی نشریات بھی بند ہو گئیں جب کے مقامی علاقوں میں ہوائی اڈوں پر جہازوں کو ائیرپورٹس پر ہی روک دیا گیا۔