امریکہ نے شدت پسند گروپ داعش کے ایک سرکردہ کمانڈر ابو محمد الشمالی سے متعلق فراہم کرنے پر پچاس لاکھ ڈالر انعام کا اعلان کیا ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق الشمالی غیر ملکی جنگجووں کو ترکی کے راستے شام آنے کی سفری سہولت فراہم کرتا ہے جہاں یہ جنگجو داعش کے ہمراہ لڑائی میں حصہ لیتے ہیں۔
بیان کے مطابق باور کیا جاتا ہے کہ اس نے "اسمگلنگ، رقوم کی منتقلی، یورپ، شمالی افریقہ اور جزیرہ نما عرب سے سامان کی شام اور عراق نقل و حمل کے لیے رابطہ کاری کی۔"
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل پہلے ہی الشمالی کو دہشت گرد قرار دیتے ہوئے اس پر سفری پابندیاں عائد کر چکی ہے۔
سعودی عرب سے تعلق رکھنے والا یہ عسکریت پسند القاعدہ کا باقاعدہ رکن رہ چکا ہے اور وہ اس جمعہ کو 36 برس کا ہو جائے گا۔
الشمالی کے خلاف انعام کا اعلان ایسے وقت کیا گیا ہے جب امریکہ اور ترکی شام کے سرحدی علاقے جرابلس کے نزدیک سرحد کو محفوظ بنانے کی کوششوں کا آغاز کرنے جا رہے ہیں۔ باور کیا جاتا ہے کہ الشمالی یہاں داعش کا کمانڈر ہے۔