رسائی کے لنکس

امریکہ میں ہرسال کووڈ سے بچاؤ کی ویکیسن لگانے پر غور


 فائل فوٹو
فائل فوٹو

خوراک اور ادویات پر کنٹرول سے متعلق امریکی ادارے ایف ڈی اے ملک میں فلو شاٹس کی طرز پر ہر سال کووڈ ۔19 ویکسین کی مہم شروع کرنے کی تجویز دی ہے۔

پیر کے روز آن لائن پوسٹ کی گئی دستاویزات میں ادارےنےکہا کہ نئی حکمت عملی کرونا وائرس ویکسین دینے کا ایک سادہ طریقہ فراہم کرے گی ۔ مجوزہ منصوبے پر اس ہفتے ایف ڈی اے کے سائنس دان اور ویکسین کےبیرونی مشیروں کا ایک پینل بحث کرے گا ۔

ایف ڈی اے نےکہا ہے کہ بیشتر امریکیوں کو کرونا وائرس سے خود کو محفوظ رکھنے میں مدد کے لیے سال میں صرف ایک بار ویکسین لینے کی ضرورت ہو گی جب کہ بوڑھوں، چھوٹے بچوں اور کمزور مدافعتی نظام رکھنے والے لوگوں کو اضافی تحفظ کے لیے سال میں دو بار ویکسین کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔

موجودہ ویکسی نیشن سسٹم کے تحت ، کسی بھی شخص کو 2020 کے کرونا وائرس کےمقابلے کےلیے لازمی طور پر کووڈ۔ 19 کی دو خوراکیں لینا ہوتی ہیں۔ اس کے بعد وقفوں کے ساتھ بوسٹر شاٹس کی سفارش کی جاتی رہی ہے۔ تازہ ترین بوسٹرز ابتدائی وائرس اور اومیکرون ویرئینٹ دونوں کا مقابلہ کرتنے کی اہلیت رکھتےہیں ۔

ایف ڈی اے نے جس تبدیلی کی تجویز دی ہےاس کے تحت پرائمری ویکسی نیشنز اور بوسٹرز ختم کر دیے جائیں گے اور بیشتر امریکیوں کے لیے سالانہ تیار کی گئی ویکسین کی ایک خوراک دی جائےگی۔

فلو شاٹ کی طرح کووڈ ویکسین تیار کرنے والے اور آزاد ماہرین کووڈ کی ان اقسام سے بچاؤ کا ایک انجکشن تیار کریں گے جو امکانی طور پر موسم سرما میں لگایا جائے گا جب وائرس کے پھیلنے کے خدشات زیادہ ہوتے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ کووڈ وائرس کی اقسام میں ہر سال تبدیلی واقع ہو سکتی ہے اس لیے ہر سال پھیلنے والے وائرس کےلیے نئی ویکسین تیار کی جائے گی ۔

ایف ڈی اے اس بارے میں بھی غور کر رہا ہے کہ یہ ویکسین یا ٹیکے ایک دوسرے کے متبادل ہوں تاکہ لوگوں کو یہ پتہ لگانے کی ضرورت نہ ہو کہ وہ کون سے برانڈ کی ویکسین لے رہے ہیں۔

ادارے کو توقع ہےکہ ان تبدیلیوں سے امریکیوں کو کووڈ سے بچاؤکی خوراکیں لینا مزید آسان ہو جائے گا کیوں کہ آج کل لوگو ں میں بار بار بوسٹر شاٹس لینے میں دلچسپی کم ہو رہی ہے۔

ایف ڈی اےنے ان تبدیلیوں کی تجویز ایک ایسےوقت میں دی ہے جب ماہرین کھل کر یہ بحث کر رہےہیں کہ تازہ ترین بوسٹر شاٹس خاص طور پر صحت مند بالغ افراد کے لیے کووڈ 19 کے خلاف تحفظ میں کس حد تک اضافہ کرتےر ہے ہیں ۔

ایسو سی ایٹڈ پریس کے مطابق اگرچہ اس وقت ا مریکہ کی 80 فیصد آبادی کووڈ 19 سےبچاؤ کی کم از کم ایک خوراک لےچکی ہےتاہم صرف 16 فیصد اہل امریکیوں نےبوسٹرکا تازہ ترین ٹیکا لگوایا ہے ۔

اس رپورٹ میں کچھ معلومات ایسوسی ایٹڈ پریس اور رائٹرز سے آئی ہیں۔

XS
SM
MD
LG