رسائی کے لنکس

اسنوڈن کے معاملے پر امریکہ کی روس پر تنقید


ایڈورڈ اسنوڈن
ایڈورڈ اسنوڈن

اسنوڈن روس میں عارضی پناہ حاصل کرنے کی کوشش کر رہا تاوقتیکہ وہ لاطینی امریکہ کا سفر کر سکے جہاں تین ملکوں نے اسے پناہ دینے کی پیشکش کر رکھی ہے۔

امریکی خفیہ ادارے کے سابق ’کنٹریکٹر‘ ایڈور اسنوڈن کو ماسکو کے ہوائی اڈے پر انسانی حقوق کی تنظیم کے نمائندوں سے ملاقات کرنے کی اجازت دینے پر امریکہ نے روس پر تنقید کی ہے۔

وائٹ ہاؤس کے ترجمان جے کارنی نے جمعہ کو کہا کہ روس اسنوڈن کو ’’پروپیگنڈہ کے لیے پلیٹ فارم‘‘ فراہم کر رہا ہے اور اس سے روس کے بیان کی نفی ہوتی ہے جس میں وہ یہ کہہ چکا ہے کہ اس معاملے میں ماسکو غیر جانبدار رہے گا۔

امریکہ کے صدر براک اوباما نے اپنے روسی ہم منصب ولادیمر پوٹن سے جمعہ کو ٹیلی فون پر اسنوڈن کے معاملے اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اس بات چیت کی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔

اسنوڈن روس میں عارضی پناہ حاصل کرنے کی کوشش کر رہا تاوقتیکہ وہ لاطینی امریکہ کا سفر کر سکے جہاں تین ملکوں نے اسے پناہ دینے کی پیشکش کر رکھی ہے۔

اسنوڈن نے جمعہ کو روس کے دارالحکومت ماسکو کے ہوائی اڈے پر انسانی حقوق کی تنظیموں کے نمائندوں سے ملاقات کی۔ وہ یہاں کی ٹرانزٹ زون میں گزشتہ تین ہفتوں سے مقیم ہے۔

بعد ازاں خفیہ دستاویزات افشا کرنے والے گروپ وکی لیکس نے اسنوڈن کی طرف سے ایک بیان شائع کیا کہ وہ بحفاظت لاطینی امریکہ روانہ ہونے تک روس میں رہنا چاہتا ہے۔

بولیویا، نکاراگوا اور وینزویلا نے اسنوڈن کو پناہ کی پیشکش کر رکھی ہے۔ لیکن امریکہ کی طرف سے اس کا پاسپورٹ منسوخ کیے جانے کی وجہ سے وہ کہیں جانے سے قاصر ہے۔

امریکہ اسنوڈن پر نیشنل سکیورٹی ایجنسی ’این ایس اے‘ کے نگرانی کے پروگرام سے متعلق معلومات افشا کرنے پر مقدمہ چلانا چاہتا ہے۔
XS
SM
MD
LG