رسائی کے لنکس

امریکہ کی جانب سے دو افغان مساجد پر دہشت گرد حملوں کی مذمت


امریکی محکمہٴ خارجہ کی ترجمان، ہیدر نوئرٹ نے کہا کہ ’’اِن احمقانہ اور بزدلانہ حربوں کے نتیجے میں، افغانستان کے ساتھ ہمارا عزم مزید پختہ ہوا ہے‘‘

امریکہ نے کابل اور غور میں 20 اکتوبر کو اور اس ہفتے ملک بھر کے دیگر مقامات پر ہونے والے دہشت گرد حملوں کی سخت مذمت کی ہے۔

جمعے کو ایک اخباری بیان میں، محکمہٴ خارجہ کی خاتون ترجمان، ہیدر نوئرٹ نے کہا کہ، ’’حملوں کے بعد کیے گئے فوری اقدامات پر ہم افغانستان کی حکومت اور سلامتی افواج کو سراہتے ہیں‘‘۔

ترجمان نے کہا کہ ’’ہم ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ اور احباب کے ساتھ دلی تعزیت کرتے ہیں‘‘۔

نوئرٹ نے کہا کہ ’’اِن احمقانہ اور بزدلانہ حربوں کے نتیجے میں، افغانستان کے ساتھ ہمارا عزم مزید پختہ ہوا ہے‘‘۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’امریکہ افغانستان کی حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور اُن کی جانب سے ملک میں امن اور سلامتی کے حصول کے لیے کی جانے والی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا‘‘۔

اطلاعات کے مطابق، جمعے کے روز کابل کی ایک شیعہ مسجد میں خودکش بم حملے میں کم از کم 40 افراد ہلاک ہوئے، جب کہ اس سے کچھ ہی گھنٹے قبل صوبہٴ غور میں ایک مسجد پر حملہ کیا گیا، جس میں 33 سے زائد افراد ہلاک ہوئے۔

XS
SM
MD
LG