امریکہ کی حکومت نے میکسیکو کی سرحد کے ساتھ دیوار بنانے کے لیے ابتدائی ٹھیکہ جات اپریل میں جاری کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی صدارتی مہم میں یہ عزم ظاہر کرتے آئے تھے کہ اقتدار میں آکر وہ میکسیکو کے ساتھ سرحد پر دیوار تعمیر کریں گے تاکہ غیرقانونی تارکین وطن کی آمد کو روکا جا سکے۔
یو ایس کسٹمز اینڈ بارڈر پروٹیکشن ایجنسی کا کہنا تھا کہ وہ دیوار کے ڈیزائن سے متعلق "خاکے" آئندہ ہفتے وصول کرنا شروع کرے گا اور 20 مارچ تک اس میں سے بہترین ڈیزائنز منتخب کیے جائیں گے۔
محکمہ ان ٹھیکے داروں سے تعمیرات کا تخمینہ لینے کے بعد اپریل کے وسط تک ٹھیکے جاری کرنا شروع کر دے گا۔
صدر ٹرمپ نے جمعہ کو ایک تقریب میں خطاب سے کہا تھا کہ سرحد پر دیوار کی تعمیر کا منصوبہ "طے شدہ وقت سے پہلے" بننے جا رہا ہے۔
کنزرویٹو پولیٹیکل ایکشن کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے اپنے پرجوش حامیوں سے بتایا کہ "ہم ایک دیوار تعمیر کرنے جا رہے ہیں، اس بارے میں فکر مند نہ ہوں۔۔۔یہ جلد شروع ہو جائے گی۔"
کسٹمز اینڈ بارڈرز پروٹیکشن ایجنسی، محکمہ ہوم لینڈ سکیورٹی کا حصہ ہے۔ اس نے یہ فی الحال یہ عندیہ نہیں دیا کہ دیوار کی تعمیر کا اولین مرحلہ کہاں سے شروع ہو گا۔
ٹرمپ نے یہ کہا تھا کہ اس دیوار پر 12 ارب ڈالر لاگت آئے گی، جبکہ کانگریس میں ریپبلکنز راہنماؤں نے اس کا تخمینہ اس رقم سے بھی 20 فیصد زیادہ لگایا تھا۔
محکمہ ہوم لینڈ سکیورٹی کی ایک داخلی رپورٹ میں اس تعمیر کا کل تخمینہ لگاتے ہوئے کہا گیا تھا کہ یہ 21 ارب 60 کروڑ ڈالرز تک ہو سکتا ہے۔