رسائی کے لنکس

داعش میں شمولیت کا ارادہ، معاونت کرنے والے دو افراد مجرم قرار


مہند بداوی سے تفتیش کی جا رہی ہے (فائل فوٹو)
مہند بداوی سے تفتیش کی جا رہی ہے (فائل فوٹو)

استغاثہ کے مطابق نادر نے اعتراف کیا کہ "اس کا منصوبہ تھا کہ وہ داعش میں شمولیت کے لیے استنبول میں ہی اتر جائے گا اور اس نے کبھی اسرائیل جانے کا ارادہ نہیں کیا تھا۔"

امریکہ کی ریاست کیلیفورنیا کے علاقے اناہائم سے تعلق رکھنے والے دو افراد کو شدت پسند گروپ داعش کی حمایت کرنے اور اس میں شمولیت کے لیے مشرق وسطیٰ کا سفر کرنے کا مجرم قرار دیا گیا ہے۔

نادر الھوزیل کو داعش کو مادی اعانت فراہم کرنے جب کہ مہند بداوی کو داعش کی حمایت میں مدد فراہم کرنے کا مجرم قرار دیا گیا۔

نادر کو دیگر 26 الزامات کا بھی سامنا کرنا پڑا ہے جس میں چوری شدہ چیکس کو اپنے ذاتی بینک اکاؤنٹ میں جمع کروانا بھی شامل تھا تاکہ وہ مشرق وسطیٰ کے لیے اپنے سفر کا بندوبست کر سکے۔

مہند پر الزام تھا کہ اس نے نادر کے لیے براستہ استنبول، اسرائیل کے لیے یکطرفہ ٹکٹ خریدنے میں مالی معاونت کی۔

نادر کو گزشتہ سال مئی میں لاس اینجلس کے ہوائی اڈے سے گرفتار کیا گیا جہاں سے وہ تل ابیب کے لیے سفر کرنے کا ارادہ رکھتا تھا۔

استغاثہ کے مطابق نادر نے اعتراف کیا کہ "اس کا منصوبہ تھا کہ وہ داعش میں شمولیت کے لیے استنبول میں ہی اتر جائے گا اور اس نے کبھی اسرائیل جانے کا ارادہ نہیں کیا تھا۔"

25 سالہ نادر کو بینک فراڈ کے جرم میں زیادہ سے زیادہ 30 سال قید کی سزا ہو سکتی ہے۔ مہند کو ایسے ہی الزام میں پانچ سال پابند سلاسل رہنا پڑ سکتا ہے اور ان دونوں کو داعش کو مادی معاونت فراہم کرنے کے جرم میں 15 سال اضافی قید بھگتنا پڑ سکتی ہے۔

دونوں کی سزاؤں کا اعلان ستمبر میں کیا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG