رسائی کے لنکس

السیسی ’شفاف حکومت‘ کی داغ بیل ڈالیں: امریکہ


بدھ کو وائٹ ہاؤس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ صدر اوباما اگلے چند روز تک مصری صدر السیسی سے بات کریں گے

امریکہ نے مصر کے منتخب صدر عبدالفتاح السیسی پر زور دیا ہے کہ نئی حکومت ایسا نظام وضع کرے جس میں حکومت کا احتساب ممکن ہو اور حکومتی امور شفاف بنائے جائیں، تاکہ مصریوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

وائٹ ہاؤس کی جانب سے بدھ کے روز جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر اوباما اگلے چند روز تک مصری صدر السیسی سے بات کریں گے۔

واضح رہے کہ عبدالفتاح السیسی کو مصر میں ہونے والے صدارتی انتخابات میں کامیاب قرار دیا گیا ہے، اور مصر کی حکومت کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق السیسی کو صدارتی انتخابات میں 97 فی صد ووٹ پڑے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق، مصر میں ہونے والے حالیہ صدارتی انتخابات میں 47 فی صد مصری ووٹروں نے حصہ لیا۔ مصر میں ہونے والے صدارتی انتخابات میں ایک دن کا اضافہ کیا گیا تھا، جبکہ گذشتہ برس معزول کیے گئے مصری صدر محمد مرسی کی جماعت اخوان المسلمین نے ان انتخابات کا بائیکاٹ کیا اور مصر کے صدارتی انتخابات میں حصہ نہیں لیا۔

وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں مصر میں انتخابات کے موقعے پر عالمی مبصرین کی موجودگی کو بھی سراہا گیا۔ مگر، ساتھ ہی، اس امر کا بھی اظہار کیا گیا کہ ووٹنگ کے دوران مصر میں سیاسی حالات محدود اور بندش زدہ دکھائی دئیے۔

عبدالفتاح السیسی نے گذشتہ برس جولائی میں مصر کے منتخب صدر محمد مرسی کو اقتدار سے بے دخل کر دیا تھا۔
XS
SM
MD
LG