امریکہ نے ‘ہائی نیگو سی ایشنز کمیٹی‘ کے اہم فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے، جس کے تحت شام کی حزب مخالف اقوام متحدہ کے زیر سایہ منعقدہ جنیوا مذاکرات میں شرکت پر تیار ہوگئی ہے۔
امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے واشنگٹن میں جاری کردہ ایک بیان میں توقع کا اظہار کیا کہ مذاکرات میں دونوں فریق پورے یقین کے ساتھ شریک ہوں گے، ’’جہاں آئندہ دِنوں کے دوران جلد اور قابل قدر پیش رفت کی امید ہے‘‘۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکہ اس بات کا بھی اعادہ کرتا ہے کہ مذاکرات میں شریک تمام فریق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد، 2254 پر مکمل طور پر عمل درآمد کریں گے، جس میں انسانی بنیادوں پر شام کے محصور علاقوں تک رسائی کی ضرورت کا خیال رکھا جائے گا۔