ایک نئے بین الاقوامی جائزے سے معلوم ہوا ہے کہ کرہٴ ارض پر ریڑھ کی ہڈی والے جانوروں کی نسلوں میں سے کم از کم 20 فیصد کے ناپید ہونے کا خطرہ ہے تاہم ان کے بچاؤ کی کوششوں کے باعث اس عمل کی رفتار میں کمی واقع ہو رہی ہے۔
لگ بھگ 174 سائنس دانوں نے پچیس ہزار جانوروں کا مشاہدہ کیا جن میں دودھ پلانے والے جانور، پرندے، آبی اور رینگنے والے جانورں کے علاوہ مچھلیاں بھی شامل تھیں۔
سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ ہر سال اوسطاً 52 نسلیں ناپید ہونے کے قریب پہنچ رہی ہیں اور جائزے کے مطابق جانوروں کے ناپید ہونے کی شرح میں انتہائی تیزی سے اضافے کی وجہ قدرتی ماحول کی بربادی ہے۔
انھوں نے بتایا کہ اگر جانوروں اور ماحول کو بچانے کے اقدامات نا کیے جائیں تو یہ شرح کم از کم 20 فیصد زیادہ ہوگی۔
اس جائزے کے نتائج ایسے وقت منظر عام پر لائے گئے ہیں جب 190 سے زائد ممالک جاپان کے شہر ناگویا میں اقوام متحدہ کے ایک اجلاس میں شرکت کر رہے ہیں جس میں وہ قدرتی وسائل کو محفوظ رکھنے کے لیے ایک نئے معاہدے پر غور کر رہے ہیں۔