رسائی کے لنکس

بلوچستان میں تشدد کے واقعات، ایک ہلاک متعدد زخمی


فائل فوٹو
فائل فوٹو

شیعہ ہزارہ برادری کے لوگوں کو اس سے پہلے بھی نشانہ بنایا جاتا رہا ہے اور اُن پر جان لیوا خود کش حملے بھی کیے جاتے رہے ہیں۔

ستار کاکٹر

بلوچستان کے دو مختلف علاقوں میں تشدد کے تازہ واقعات میں ایک شخص ہلاک اور 6 زخمی ہو گئے ۔

پولیس حکام کے مطابق جمعے کی شام کو ضلع جعفر آباد کے علاقے چھتر میں ایک موٹر سائیکل بارودی سرنگ کے ساتھ ٹکرانے سے زور دار دھماکہ ہوا جس میں موٹرسائیکل پر سوار ایک شخص ہلاک اور دوسرا شدید زخمی ہوگیا جسے طبی امداد کے لیے مقامی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ چھتر کو جانے والے کچے راستے میں باردوی سرنگ نامعلوم افراد نے نصب کی تھی۔

ایک اور خبر کے مطابق کو ئٹہ کے مضافاتی علاقے اسپنی روڈ پر فرقہ ورانہ تشدد کے ایک تازہ واقعہ میں چار افراد زخمی ہو گئے جن میں سے دو کی حالت نازک بتائی گئی ہے۔

پولیس حکام کے مطابق شیعہ ہزارہ برادری کے لوگ ایک یلو کیب میں ہزارہ ٹاؤن جارہے تھے راستے میں اسپینی روڈ پر گھات میں بیٹھے نامعلوم مسلح افراد نے گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ شروع کردی جس سے گاڑی میں سوار چاروں افراد زخمی ہو گئے ۔ زخمیوں کو فوری طو ر پر مقامی سول اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے دو زخمیوں کی حالت نازک بتائی ہے ۔

پولیس اور فرنٹیر کور کے حکام نے موقع پر پہنچ کر شواہد جمع کرنا شروع کر دیئے تاہم کو ئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی پولیس حکام نے واقعہ کو ٹارگٹ کلنگ قرار دیا ہے۔

شیعہ ہزارہ برادری کے لوگوں کو اس سے پہلے بھی نشانہ بنایا جاتا رہا ہے اور اُن پر جان لیوا خود کش حملے بھی کیے جاتے رہے ہیں۔ ماضی میں ان واقعات کی ذمہ داری عموماً کالعدم لشکر جھنگوی قبول کرتی ر ہی ہے ۔

XS
SM
MD
LG