امریکہ کی جنوبی ریاست ورجینیا کےقصبےبلیکس برگ میں واقع 'ورجینیا ٹیکنالوجی یونیورسٹی' میں پیش آنے والے فائرنگ کے ایک واقعے میں ایک پولیس افسر سمیت دو افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے ویب سائٹ پرجاری کیے گئےایک بیان میں کہا گیا ہے کہ پولیس افسر کو جمعرات کو کیمپس میں معمول کےایک ٹریفک اسٹاپ پر گولی کا نشانہ بنایا گیا۔ بیان کےمطابق واقعہ کے کئی عینی شاہدین بھی ہیں۔
یونیوسٹی انتظامیہ نے بیان میں کہا ہے کہ پولیس افسر کو گولی مارنے کے بعد قاتل ایک نزدیکی پارکنگ ایریا کی طرف فرار ہوگیا جہاں سے کچھ دیر بعد ایک اور شخص کی لاش برآمد ہوئی ہے۔
یونیورسٹی کے احاطے میں مبینہ قاتل کی تلاش جاری ہے۔ واقعے کے بعد حکام نے یونیورسٹی کے احاطے میں موجود تمام افراد کو چار دیواری میں محصور رہنے اور باہر موجود افراد کو یونیورسٹی کی طرف آنے سے روک دیا ہے۔
واضح رہے کہ 2007ء میں بھی اسی تعلیمی ادارے میں ایک مسلح شخص نے 32 افراد کو فائرنگ کرکے قتل کرنے کے بعد خودکشی کرلی تھی۔ حالیہ امریکی تاریخ میں فائرنگ کا یہ سب سے ہلاکت خیز واقعہ تھا۔
2007ء میں پیش آنے والے واقعہ کے متعلق اس وقت کیمپس میں موجود طلبہ اور اساتذہ کو تاخیر سے خبردار کرنے کا الزام ثابت ہوجانے پر رواں برس حکام نے تعلیمی ادارے کی انتظامیہ پہ بھاری جرمانہ بھی عائد کیا تھا۔