امریکہ کی طرف سے پاکستان میں کی گئی خصوصی کارروائی کے نتیجے میں القاعدہ کے لیڈر اسامہ بن لادن کی ہلاکت کے بعد اِس ہفتے ’وائس آف امریکہ‘ کی مختلف ویب سائٹس، بالخصوص اردو ویب سائٹ کوپڑھنے والوں کی تعداد میں یکدم اضافہ دیکھا گیا ہے۔ اسکے علاوہ اردو کی موبائل ویب سائٹ پڑھنے والوں کے تعداد میں 250 فی صد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
پچھلے پیر کے روز کے مقابلے میں اِس پیر کو پاکستان سے ویب سائٹ ’وزٹ ‘کرنے والوں کی شرح میں 180فی صد اضافہ ہوا۔
وائس آف امریکہ کے ذرائع نے یہ معلومات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ پچھلے ہفتے کے مقابلے میں پیر کے دِن اردو ویب سائٹ پر خبریں پڑھنے والوں کی تعداد دوگنی ہوگئی تھی، جو اب تک کے وزٹس کے اعتبار سے سب سے زیادہ تعداد ہے۔
مجموعی طورپر پیر کے دِن امریکہ سے باہر کے ملکوں سے voanews.comویب سائٹس پر آنے والی ٹریفک میں 25فی صد کا اضافہ دیکھا گیا۔ پچھلے سال سے موازنہ کیا جائے تو مشرقِ وسطیٰ سے اردو، انگریزی کے علاوہ، پشتو، دری اور ڈیوا ریڈیو کی ویب سائٹس پر آنے والا ٹریفک اپنی بلند ترین سطح پر تھا۔
وائس آف امریکہ کے ڈائریکٹر ڈین فورتھ ڈبلیو آسٹن کا کہنا ہے کہ ویب ٹریفک میں اضافے سے مستند، معروضی اور تفصیلی خبر پڑھنے والوں کی ضرورت پوری ہوتی ہے، جِن کا تعلق خطے سے ہے۔
اِن اعداد وشمارسے ظاہر ہوتا ہے کہ قابل اعتبار اطلاع کے حصول کے ذریعے کے طور پر زیادہ تر لوگ وائس آف امریکہ کی ویب سائٹ پر بھروسہ کرتے ہیں۔
مزید برآں، وی او اے کی اردو، انگریزی، دری اور پشتو زبانوں کی موبائل سائٹس پرآنے والی ویب ٹریفک میں بھی اہم اضافہ دیکھا گیا ہے۔ اردوزبان کی موبائل ٹریفک میں پچھلے پیر کے مقابلے میں 250فی صد، پشتو زبان میں 150فی صد جب کہ دری زبان کے موبائل ٹریفک میں 100فی صد اضافہ ہوا ہے۔
وی او اے کے انگریزی ویب سائٹ www.voanews.com جہاں صدر براک اوباما کے اعلان پر مبنی اسٹریمنگ کی جارہی ہے اور جہاں امریکہ اور دنیا بھر سے خبروں پر ردِ عمل پر مبنی تبصرے سامنے آ رہے ہیں اُس پر پچھلے پیر کے مقابلے میں افریقہ سے وزٹ کرنے والے لوگوں کی شرح میں 200فی صد کا اضافہ دیکھا گیا ہے۔ انگریزی ویب سائٹ پر ہی، مشرقِ وسطیٰ سے آنے والی وزٹس میں 80فی صد اور ایشیا سے 50فی صد اضافہ ہوا ہے۔
وی او اے کے انگریزی ویب سائٹ پر سب سے پہلے ایک پاکستانی شخص نے اپنے ٹوٹر اکاؤنٹ سے ایک رپورٹ بھیجی جس میں بتایا گیا تھا کہ ایبٹ آباد کے گیرژن شہر میں اسامہ بن لادن کے گھر پر چھاپے کے دوران ایک ہیلی کاپٹر گِر کر تباہ ہوگیا ہے ۔
وی او اے کے پروگرام ریڈیو ، ٹیلی ویژن اور انٹرنیٹ پر پیش کیے جاتے ہیں اور اب موبائل پلیٹ فارم پر دیے جارہے ہیں اور قانونی طور پر بیرونِ امریکہ کے ناظرین و سامعین کے لیے پیش ہوتے ہیں۔
وائس آف امریکہ سال 1942 ء میں ہوا کے دوش پر گیا، اور اب یہ بین الاقوامی براڈکاسٹنگ سروس کا ایک ملٹی میڈیا فورم ہے جسے براڈکاسٹنگ بورڈ آف گورنرز چلاتا ہے۔ ادارہ اردو سمیت 44زبانوں میں نشریات کرتا ہے جس کے ناظرین و سامعین کی تعداد123ملین ہے۔
اردو ریڈیو پروگرام’ ریڈیو آپ کی دنیا‘ اور ٹیلی ویژن پرگرام’ خبروں سے آگے ‘ کے علاوہ اردو ویب سائٹ www.voanews.com/urdu پرچوبیس گھنٹےتازہ ترین اہم خبریں پڑھی جا سکتی ہیں۔