رسائی کے لنکس

فلم ’وار ٹو‘ کی شوٹنگ ’کے ٹو‘ کے بیس کیمپ پر


’کے ٹو‘ پر پکچرائز کئے گئے سیکوئنس میں چارغیر ملکی اداکاربھی شامل تھے جو پروفیشنل کوہ پیما بھی ہیں۔ ہمیں ان کی ضرورت اس لئے پڑی کہ سمندر سے انتہائی بلند مقام پر کام کرنا ہر کسی کے بس کا روگ نہیں۔ اس کے لئے اس ماحول سے مانوس اور واقف ماہرین کی ضرورت ہوتی ہے‘

کراچی ... پاکستان کی ایکشن فلم ’وار‘ کی شاندار کامیابی کے بعد اس کے سیکوئل ’وار2‘ کی شوٹنگ زور و شور سے جاری ہے۔ فلم کے اسکرپٹ کے تقاضوں کے مطابق فضا سے کچھ مناظر کی شوٹنگ کے بعد اب اس کی کاسٹ اور کریو جا پہنچا ہے دنیا کے دوسرے سب سے بلند پہاڑ ’کے ٹو‘ کے دامن میں۔

’کے ٹو‘ کے بیس کیمپ پر ’وار2‘ کی شوٹنگ کے لئے 20 دن مختص کئے گئے تھے کام میں تو صرف چار ہی دن صرف ہوئے، جبکہ باقی کا وقت وہاں جانے، آنے اور موافق موسم کے انتظار میں گزرے۔

بیس کیمپ پر جو سین فلم بند کئے گئے ان کی زیادہ تفصیلات تو فلم میکرز کی جانب سے جاری نہیں کی گئیں۔ تاہم، یہ ضرور پتا چلا کہ یہ ایکشن سینز تھے۔

فلم کے ڈائریکٹر اور پروڈیوسر وقاص رانا نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ’کے ٹو‘ پر پکچرائز کئے گئے سیکوئنس میں چار غیر ملکی اداکار بھی شامل تھے جو پروفیشنل کوہ پیما بھی ہیں۔ ہمیں ان کی ضرورت اس لئے پڑی کہ سمندر سے انتہائی بلند مقام پرکام کرنا ہر کسی کے بس کا روگ نہیں۔ اس کے لئے اس ماحول سے مانوس اور واقف ماہرین کی ضرورت ہوتی ہے۔‘

وقاص رانا نے یہ انکشاف بھی کیا کہ کے 2 کے سیکوئنس کی پکچرائزیشن کے لئے ڈائریکٹر آف فوٹو گرافی کے فرائض بھی خود انہوں نے ہی انجام دئیے۔بقول رانا ’میں نے فلم‘ یلغار ’میں بھی ڈائریکٹر فوٹوگرافی کے طور پر ہی کام کیا تھا اسی تجربے کو کام میں لاتے ہوئے ’کے ٹو‘ پر فلم بندی خود میں نے کی۔‘

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’اب لندن میں جو شوٹنگ ہوگی اس میں زیر آب اورخلائی سین کی شوٹنگ بھی شامل ہے، اس کی فوٹو گرافی کوئی اور کرے گا، کیونکہ اس کے لئے خصوصی مہارت چاہئے۔‘

’وارٹو‘ کا ٹریلر رواں سال کے آخر میں ریلیز کیا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG