رسائی کے لنکس

سعودی عرب بھی آسکر ایوارڈ کی دوڑ میں شامل


آسکر ایوارڈز 2014 ءسعودی عرب اور پاکستان کے لئے اس وجہ سے بھی خاص ہیں کیونکہ اس مرتبہ سعودی عرب کی پہلی اور پاکستان کی 50سال بعد بھیجی گئی فلموں کو فارن لینگویج فلم کیٹگری کے لئے ارسال کردہ 76 فلموں میں شامل کرلیا گیا ہے

کراچی ۔۔۔ سعودی عرب اپنی پہلی فلم ’واجدہ‘ کی نامزدگی کے ساتھ ہی آسکر ایوارڈ کی دوڑ میں شامل ہوگیا ہے۔ آسکر ایوارڈز کا شاندار اور رنگا رنگ فلمی میلہ دنیا بھر کی فلم انڈسٹریز کے لئے بہت اہمیت رکھتا ہے اسی لئے آسکر جیتنا فلم انڈسٹری سے جڑے ہر شخص کا خواب ہوتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آسکر کی دوڑ میں شامل ہونے کے لئے نامزدگی حاصل کرلینا بھی بڑی بات سمجھی جاتی ہے۔

آسکر ایوارڈز 2014 سعودی عرب اور پاکستان کے لئے اس وجہ سے بھی خاص ہیں کیونکہ اس مرتبہ سعودی عرب کی پہلی اور پاکستان کی 50سال بعد بھیجی گئیں فلموں کو فارن لینگویج فلم کیٹگری کے لئے ارسال کردہ 76فلموں میں شامل کرلیا گیا ہے۔

پاکستانی فلم ’زندہ بھاگ‘ پچاس سالوں بعد وہ پہلی فلم ہے جو آسکر میں اینٹری حاصل کر سکی ہے۔ ”زندہ بھا گ“ ایک کامیڈی تھرلر ہے جس کی کہانی ان تین نوجوانوں کے گرد گھومتی ہے جو کسی بھی طریقے سے ملک سے باہر جا کر اپنی تقدیر بدلنا چاہتے ہیں۔

خاتون فلم میکرحائفہ منصور کی ڈائرکشن میں بننے والی فلم ”واجدہ“ آسکر میں اینٹری پانے والی پہلی سعودی فلم ہے۔ فلم کی کہانی ایک ایسی لڑکی کے بارے میں ہے جو ایک سائیکل خریدنے کا خواب دیکھتی ہے۔”واجدہ“ سال 2012میں دبئی فلم فیسٹول میں بہترین عربی فیچر فلم اور مارچ میں کانز فلم فیسٹول میں بھی ایوارڈ حاصل کرچکی ہے۔فلم کی تمام شوٹنگ خلیجی ریاستوں میں ہی کی گئی ہے۔

بھارت نے ”دی گڈ روڈ“ کو آسکر کی دوڑ میں حصہ لینے کے لئے بھیجا ہے۔ یہ بھی کانز فلم فیسٹول میں ایوارڈ حاصل کرچکی ہے۔ جاپان کی طرف سے آسکر کے لئے بھیجی جانے والی فلم کا نام ہے” دی گریٹ پیسج“ جبکہ فرانس نے فلم ”ری نوئیر“کا انتخاب کیا ہے۔

مونٹی نیگرو اور مولڈووا نے بھی پہلی مرتبہ آسکر میں فلمیں بھیجی ہیں۔ مونٹی نیگرو کی فلم ”ایس آف اسپیڈز“اور مولڈووا کی فلم ”آل گوڈز چلڈرن“ آسکر میں اپنے اپنے ملکوں کی نمائندگی کریں گی۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق منتظمین نے موصول ہونے والی تمام فلموں کو دیکھنے کے بعد 76فلمیں منتخب کی ہیں۔ان میں سے پانچ فلموں کو شارٹ لسٹ کیا جائے گا جو آسکرایوارڈز کے لئے ایک دوسرے سے مقابلہ کریں گی ۔

منتخب فلموں کے ناموں کا حتمی اعلان 16جنوری 2014کو کیا جائے گا جبکہ ایوارڈ جیتنے والی فلم کون سی ہوگی ، اس کا علم 2مارچ 2014کو ہونے والی آسکر ایوارڈز کی تقریب میں ہوگا۔
XS
SM
MD
LG