امریکی نائب صدر مائیک پینس نے جمعرات کے روز امریکی کانگریس کی عمارت کیپٹل ہل کی حفاظت پر تعینات فورسز سے ملاقات کے لیے وہاں کا دورہ کیا اور ان کی خدمات پر شکریہ ادا کیا۔
پینس نے فوجیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ وہ “قوم کے اس غیرمعمولی وقت پر آگے بڑھ کر قومی دارالحکومت کی حفاظتکر رہے ہیں۔”
انہوں نے کہا کہ وہ فخر محسوس کرتے ہیں کہ وہ ان کے نائب صدر ہیں۔
نیشنل گارڈ کے ہزاروں اہل کار اس وقت سے عمارت کی حفاظت کررہےہیں، جب 6 جنوری کے دن صدر ٹرمپ کے حامیوں نے نو منتخب صدرجو بائیڈن کی انتخابی کامیابی کی ایوان نمائندگان سے توثیق کو روکنے کےلیے عمارت پر چڑھائی کر دی تھی۔
مائیک پینس کا کہنا تھا کہ انہیں امید ہے کہ 20 ہزار فوجی جو بائیڈن کی حلف برداری کے دن دارالحکومت کی حفاظت کریں گے۔
پینس نے کہا کہ بائیڈن اور نائب صدر کاملہ ہیرس دونوں 20 جنوری کو ہماری تاریخ اور ہماری روایت کے مطابق اور اس انداز سے حلف اٹھائیں گے جو امریکہ کے لوگوں اور یونائیٹڈ اسٹیٹس کے لیے باعث توقیر ہو۔
صدر ٹرمپ کے حامیوں کی جانب سے کیپٹل پر چڑھائی کے دن کے بعد یہ مائیک پینس کا کیپٹل ہل کا پہلا دورہ تھا۔
پینس ایوان نمائندگان میں اس وقت انتخاب کی توثیق کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جب عمارت پر مظاہرین نے دھاوا بولا تھا۔ انہیں سیکیورٹی اہل کاروں نے محفوظ مقام تک پہنچایا تھا۔ وہ اس وقت تک عمارت سے باہر نہیں نکل سکے تھے جب تک علاقے کو مظاہرین سے پاک نہیں کر لیا گیا تھا۔