رسائی کے لنکس

واشنگٹن میں مظاہرے دو سو سے زائد افراد گرفتار


واشنگٹن میٹروپولیٹن کے محکمہ پولیس کے عبوری سربراہ پیٹر نیوشم نے کہا کہ اس گروپ میں شامل کئی مظاہرین لوہے کی سلاخوں اور ہتھوڑوں سے لیس تھے۔

امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تقریب حلف برداری کے موقع پر جمعہ کو ان کے خلاف واشنگٹن میں مظاہرے ہوتے رہے اور مظاہرین نے گاڑیوں، دکانوں اور دفاتر پر حملے بھی کیے۔ دوسری طرف ٹرمپ کے حامیوں نے بھی ان کے حق میں مظاہرے کیے۔

واشنگٹن پولیس کا کہنا ہے کہ انہوں نے بلوہ کرنے پر کم ازکم 217 افراد کو گرفتار کیا۔

جمعہ کو ہزاروں کی تعداد میں مظاہرین شہر کی سڑکوں پر نکل آئے تاہم ان کے احتجاج میں شریک ہونے کی وجوہات مختلف تھیں۔

ان میں سے بعض نے پلے کارڈ اٹھائے ہوئے تھے اور پرامن طور پر مظاہرہ کر رہے تھے جبکہ دیگر افراد کی پولیس کے ساتھ جھڑپ ہوئی اور انہوں نے بوتلیں پھینکیں اور پتھراؤ کیا۔ پولیس نے ردعمل میں مظاہرین پر آنسو گیس اور عارضی طور پر سن کرنے والے گولوں کا استعمال کیا۔

قبل ازیں نقاب پوش مظاہرین نے بینک آف امریکہ کی ایک شاخ اور میکڈونلڈ اسٹور کی کھڑکیوں کے شیشے توڑ دیے اور مظاہرین کے ایک گروپ نے وائٹ ہاؤس کے قریب کوڑے دانوں کو آگ لگا دی۔

جب ٹرمپ نے اپنے عہدے کا حلف اٹھایا تو اس وقت پولیس نے لگ بھگ 75 نقاب پوش مظاہرین کو ایک دفتر کی عمارت کے ایک کونے میں محدود کرنے کے بعد ان میں سے متعدد کو گرفتار کر لیا۔

واشنگٹن میٹرولولیٹن کے محکمہ پولیس کے عبوری سربراہ پیٹر نیوشم نے کہا کہ اس گروپ میں شامل کئی مظاہرین لوہے کی سلاخوں اور ہتھوڑوں سے لیس تھے۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ وہ ٹرمپ کی پالیسیوں کے خلاف احتجاج کرنے کے لیے موجود تھے۔

واشنگٹن ڈی سی کے ایک مکین نے اپنی شناخت ظاہر نہ کرتے ہوئے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس اور مرچوں والے سپرے کا استعمال کیا۔ مظاہرین کو روکنے کے لیے جب پولیس آگے بڑھی تو اونچی آواز میں دھماکے سنائی دیے جس کے بعد وہاں دھواں پھیل گیا۔

مقامی افراد کے حقوق کے لیے آواز بلند کرنے والے ایک گروپ نے نیشنل مال کی طرف جانے والے راستے میں قائم ایک سکیورٹی چیک پوسٹ کو بلاک کر دیا۔ انہوں نے زنجیریں لگا کر ٹرمپ کے حامیوں کا راستہ روک دیا۔

پولیس نے یہ زنجیریں کاٹ دیں اور ٹرمپ کے حامیوں کے لیے حلف برداری کی تقریب میں داخل ہونے کا راستہ کھول دیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ جمعہ کو ہونے والے مظاہروں میں چھ افراد زخمی ہوئے۔

نیوشم نے کہا کہ " ان میں سے تین افراد کے سر میں چوٹ لگی۔ یہ معمولی زخم ہیں اور یہ تشویشناک نہیں ہیں۔"

انہوں نے کہا کہ جن افراد کو گرفتار کیا گیا ہیں انہیں ہفتہ کو بلوہ کرنے کے الزام میں عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ وہ صورت حال پر نظر رکھے ہوئے ہے۔

XS
SM
MD
LG