رسائی کے لنکس

اسانج کے برطانیہ میں روپوش ہونے کا انکشاف، انٹرپول سے وارنٹ جاری


اسانج کے برطانیہ میں روپوش ہونے کا انکشاف، انٹرپول سے وارنٹ جاری
اسانج کے برطانیہ میں روپوش ہونے کا انکشاف، انٹرپول سے وارنٹ جاری

انٹرپول نے خفیہ امریکی دستاویزات انٹرنیٹ پر جاری کر نے والی ویب سائٹ وکی لیکس کے بانی جولین اسانج کے ریڈ وارنٹ جاری کردیے ہیں۔

آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے سابق کمپیوٹر ہیکر جولین اسانج دو خواتین کو جنسی طور پر ہراساں کرنے اور انہیں زیادتی کا نشانہ بنانے کے الزامات میں سوئیڈن کو مطلوب ہیں۔

جمعرات کے روز برطانوی میڈیا نے دعویٰ کیا کہ حکام کو یقین ہے کہ اسانج برطانیہ کے جنوب مشرقی علاقے میں روپوش ہیں۔ برطانیہ میں اسانج کے وکیل مارک اسٹیفنز کا کہنا ہے کہ پولیس اس جگہ سے واقف ہے جہاں ان کے موکل موجود ہیں۔

تاہم انٹرپول کے قوانین کے مطابق بین الاقوامی ادارہ اپنے رکن ممالک سے کسی ایسے فرد کو گرفتارکرنے کا مطالبہ کرنے کا مجاز نہیں جس کے خلاف ریڈ وارنٹ جاری کیے گئے ہوں۔

برطانوی حکام کا کہنا ہے کہ ان کی جانب سے سوئیڈن کو پیغام بھیجا گیا ہے کہ وہ اسانج کی گرفتاری کیلیے نئے وارنٹ جاری کرے۔ اس سے قبل اگست میں سوئیڈن کی جانب سے جاری کردہ اسانج کے وارنٹ گرفتاری تیکنیکی وجوہات کی بناء پر ناقابلِ عمل قرار دے دیے گئے تھے۔ جمعرات کے روز سوئڈش حکام کا کہنا تھا کہ ان کی جانب سے اسانج کی گرفتاری کیلیے نئے وارنٹ جلد جاری کردیے جائینگے۔

دریں اثناء اسانج کی والدہ کرسٹین اسانج کا کہنا ہے کہ انکے بیٹے کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دیے جانے کی اطلاعات ہیں جس کے باعث انہیں ان کی سلامتی سے متعلق خدشات لاحق ہیں۔

جمعرات کے روز آسٹریلوی میڈیا سے گفتگو میں اسانج کی والدہ نے اپنے بیٹے کے اقدامات کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ وہ جو کچھ کررہے ہیں اسے بہتر سمجھتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG