’ویمن ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی‘ کوشش کے باوجود پاکستان کے ہاتھ نہ آسکا اور بنگلہ دیش کی ٹیم اسے لے اڑی لیکن اتنا ضرور ہوا کہ اس کی بدولت پاکستان وومن ٹیم کے حوصلے بلندہوگئے۔
بنگلہ دیش وومن کرکٹ ٹیم نے چھ مرتبہ کی فاتح بھارت کو شکست دے کر پہلی باروومن ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹائٹل اپنے نام کیا۔ اس نے حریف ٹیم کو فائنل میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد تین وکٹوں سے شکست دی۔ میچ اس قدر اعصاب شکن ثابت ہوا کہ آخری بال تک کسی کو بھی پیشگی اس بات کا علم نہیں ہوا کہ میچ کون جیتے گا۔
بنگلہ دیش ایونٹ کی نمبر ون ٹیم
ایونٹ میں بنگلا دیشی ٹیم کی مجموعی پرفارمنس پر نظر ڈالیں تو بلاشبہ اس کی کارکردگی شاندار رہی۔ اُس نےبھارت کو دومرتبہ مات دی۔ راؤنڈ میچ میں 7وکٹوں سے شکست، بین الاقوامی کرکٹ میں بھارت کے خلاف بنگلہ دیش ٹیم کی پہلی کامیابی جبکہ ایشیا کپ میں بھارت کی پہلی شکست ثابت ہوئی۔
ایونٹ کے پہلے میچ میں بنگلادیش کو سری لنکن ٹیم کے خلاف 6 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا لیکن اگلے ہی میچ میں پاکستان کے خلاف 7وکٹوں سے کامیابی نے اسے اس قدر پرجوش بنا دیاکہ اس نے ملائیشیا کے خلاف نہ صرف 70رنز سے کامیابی حاصل کی بلکہ فائنل تک رسائی بھی حاصل کرلی۔
پاکستانی کی حوصلہ افزاپرفارمنس
پاکستان ٹیم کی کارکردگی پر نظر ڈالی جائے تو حوصلہ افزا تصویر ابھر کر سامنے آتی ہے، اس نے پانچ میچز کھیلے، تین میں جیت مقدر بنی اور دو میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
تھائی لینڈ کے خلاف 8وکٹوں سے شاندار فتح
پاکستان ٹیم نے ایونٹ میں اپنی مہم کا آغاز تھائی لینڈ کے خلاف 8وکٹوں کی شاندار جیت کے ساتھ کیا۔ ناہیدہ خان نے 38رنز کے ساتھ ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا جبکہ اسپنرز کی بولنگ بھی شاندار رہی۔ثناء میر اور کائنات امتیاز کی عمدہ بولنگ کے سبب حریف ٹیم مقررہ 20 اوورز میں صرف 67رنز ہی بناسکی۔
بنگلہ دیش کے ہاتھوں شکست
اگلے میچ میں پاکستان کو بنگلادیش کے ہاتھوں شکست کا منہ دیکھنا پڑا، بنگلادیش کی جیت میں آل راؤنڈر فہمیہ خاتون نے اہم کردار ادا کیا اور پلیئر آف دی میچ قرار پائیں،انہوں نے 28رنز کے ساتھ ساتھ بسمہ معروف کی قیمتی وکٹ بھی لی۔
پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 5وکٹیں گنواکر 95رنز بنائے لیکن شمیمہ سلطانہ اور نگار سلطانہ کی ذمے دارانہ بیٹنگ کے سبب بنگلا دیش نے ہدف 18ویں اوور میں صرف تین وکٹیں گنواکر حاصل کرلیا۔
فائنل تک رسائی کے روشن امکانات مگر ۔۔۔
پاکستان نےاپنے تیسرے میچ میں سری لنکا جیسی مضبوط ٹیم کو 23 رنز سے شکست دی۔ سری لنکا کوجیت کے لئے 137رنز کا ہدف ملا تھا لیکن اس کی ٹیم پاکستانی بولرز کی نپی تلی بولنگ کے سامنے 9وکٹیں گنواکر 113رنز ہی بناسکی۔ اس جیت کےبعد گرین شرٹس کے فائنل تک پہنچنے کے امکانات روشن ہوگئے۔
ملائشین ٹیم صرف 30پر ڈھیر
ملائیشیا کے خلاف ایونٹ کی سب سے بڑی جیت نے پاکستان ٹیم کودو مزید قیمتی پوائنٹس دلائے،پاکستا ن نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 5وکٹوں کے نقصان پر 177رنز بنائےلیکن جواب میں ملائیشیا کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم صرف 30رنز پر ڈھیر ہوگئی۔نداڈار نے 4وکٹیں لے کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔
روایتی حریفوں کا میچ
ایونٹ میں پاکستان کا آخری مقابلہ روایتی حریف بھارت کے ساتھ ہوا، اس میں کامیابی پاکستان کو تیسری مرتبہ فائنل میں پہنچاسکتی تھی لیکن بھارت نے یہ میچ 7وکٹوں سے اپنے نام کرلیا ۔پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سات وکٹوں کے نقصان پر 72رنز بنائے تاہم بھارت نے یہ ہدف 16اعشاریہ ایک اوور میں صرف تین وکٹیں گنواکر پورا کرلیا۔
پاکستان ٹیم 2 مرتبہ ایشین وومن چیمپئن شپ کا فائنل کھیل چکی ہے اور دونوں ہی مرتبہ اُسے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔