رسائی کے لنکس

ہندی فلموں کی خوبصورت اور اسٹائلش صحافی


’سینما بھی اب حقیقت پسند ہوگیا ہے۔ اسی لئے فلم میکرز بھی اب ایسے رول تراشتے ہیں جو ہمارے معاشرے میں چلتے پھرتے سانس لیتے اور زندگی گزارتے ہیں‘

کراچی ۔۔۔۔ بالی ووڈ فلموں میں خاتون صحافی کا کردار اِن دنوں بہت ’اِن‘ ہے۔ گذشتہ جمعے کو ریلیز ہونے والی ’ستیہ گرہ‘ اور اس سے پچھلے ہفتے نمائش کے لئے پیش کی جانے والی فلم ’مدراس کیفے‘ میں نرگس فخری نے خاتون صحافی کے کردار نبھائے ہیں۔

’انڈیا ٹو ڈے‘ میگزین کے مطابق، ٹریڈ تجزیہ کار ترون آدرش کاکہنا ہے کہ ’سینما بھی اب حقیقت پسند ہوگیا ہے۔ اسی لئے، فلم میکرز بھی اب ایسے رول تراشتے ہیں جو ہمارے معاشرے میں چلتے ،پھرتے سانس لیتے اور زندگی گزارتے ہیں۔‘

لیکن، فلموں میں صحافیوں کے زیادہ تر کردار خواتین کو دیئے جارہے ہیں، مردوں کا حصہ اس میں بہت کم ہے۔ مثلاً، امتیابھ بچن۔ انہوں نے فلم ’رن‘ میں ٹی وی جرنلسٹ کا کردار ادا کیا تھا۔ اس کردار نے سب سے زیادہ توجہ حاصل کی تھی۔

میگزین رپورٹ کے مطابق خواتین جرنلسٹس میں خوبصورتی بھی ہوتی ہے، اسٹائل بھی اور خاص طرح کا رکھ رکھاوٴ بھی، جو فلم بینوں کے لئے بڑی کشش رکھتا ہے۔

اب کیوں کہ جرنلسٹ بننے کی ’ہوا‘ چل ہی نکلی ہے تو بھلا ینگ جنریشن کی ہیروئنز کیسے پیچھے رہ سکتی ہیں۔ امریتا راوٴ سنی دیول کی آنے والی فلم ’سنگھ صاحب دی گریٹ‘ میں صحافی کا کردار نبھائیں گی۔

بھارت کی مشہور رائٹر شوبھاڈے کے بارے میں بننے والی فلم ’شوبھنا7نائٹس‘ میں روینہ ٹنڈن شوبھاڈے کا کردار ادا کریں گی۔

’مدراس کیفے‘ کے ڈائریکٹر شوجیت سرکر کا کہنا ہے کہ نرگس کے کیریکٹر کو حقیقت سے قریب تر بنانے کے لئے خواتین جرنلسٹس کے رہن سہن، پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کی ادائیگی کا باقاعدہ مشاہدہ کیا گیا۔ان میں ایسی جرنلسٹس بھی شامل ہیں جو محاذ جنگ پربھی فرائض انجام دے رہی ہیں اور ان کا بہت بڑا کنٹری بیوشن ہے۔’مدراس کیفے‘ میں ہم نے ہیروئن کو گلیمر ڈول کے بجائے عام زندگی کے کردار کے طور پر پیش کرنے کرنے کی کوشش کی ہے۔

بالی وڈ میں خاتون جرنلسٹ کا جو کردار سب سے زیادہ مقبول ہوا وہ کونکنا سین شرماکا فلم ’پیج تھری‘ والا کردار تھا۔ اس کریکٹر پر کونکنا سین شرما کو نیشنل ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔
XS
SM
MD
LG