رسائی کے لنکس

ورلڈ کپ کرکٹ میں پاکستان پر پابندی لگوانا ممکن نہیں: گنگولی


بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سوریو گانگولی۔ فائل فوٹو
بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سوریو گانگولی۔ فائل فوٹو

بھارت کے سابق کپتان سارو گنگولی نے کہا ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ کے لئے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو اس بات پر قائل کرنا ممکن نہیں ہو گا کہ وہ پاکستان پر کرکٹ ورلڈ کپ یا کسی بھی عالمی ٹورنامنٹ میں شرکت پر مکمل پابندی عائد کر دے۔

بھارت میں یہ بحث زور پکڑ رہی ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ پلوانہ حملے کے تناظر میں آئی سی سی کو قائل کرے کہ پاکستان کو ورلڈ کپ سمیت تمام عالمی کرکٹ مقابلوں میں شرکت سے محروم کر دیا جائے۔

گنگولی کہتے ہیں کہ بھارت پہلے ہی 2006 کے بعد سے پاکستان کے ساتھ دو طرفہ سیریز نہیں کھیل رہا اور بھارتی کرکٹ بورڈ کو یہ اختیار حاصل ہے کہ وہ پاکستان کے ساتھ دو طرفہ سیریز نہ کھیلے۔ تاہم آئی سی سی ایک بین الاقوامی ادارہ ہے اور بھارت کے کہنے پر اسے پاکستان پر پابندی لگانے پر مجبور کرنا بہت مشکل ہو گا۔ اُن کے خیال میں اس کا امکان ایک فیصد سے بھی کم ہے۔

انڈیا ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے گنگولی نے بھارت میں ہونے والے آئی ایس ایس ایف رائفل شوٹنگ ورلڈ کپ میں پاکستانی کھلاڑیوں کو ویزا دینے سے انکار پر انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے ردعمل کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس اقدام کے جواب میں انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے خود بھارت پر پابندی عائد کر دی تھی۔

بھارتی کرکٹ بورڈ میں آج کل ملک کی سپریم کورٹ کی طرف سے ایک عبوری انتظامی کمیٹی مقرر کر دی گئی ہے جو بی سی سی آئی کا انتظام چلا رہی ہے۔ اس کمیٹی نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو لکھا ہے کہ ایسے ممالک کو ورلڈ کپ سمیت تمام عالمی کرکٹ مقابلوں میں شرکت سے محروم کر دینا چاہئیے جہاں سے بقول اُس کے دہشت گردی پیدا ہوتی ہے۔ کمیٹی کا واضح اشارہ پاکستان کی جانب تھا۔

تاہم گنگولی کا کہنا تھا کہ یہ بہت غیر معمولی بات ہو گی اور اُن کے خیال میں اس بات کا قطعاً امکان نہیں ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ بورڈ بھارتی بورڈ کی درخواست پر ایسا فیصلہ کرے۔

اس سے قبل بھارت کے سابق کرکٹر سچن ٹنڈلکر نے یہ کہتے ہوئے ایک نئی بحث چھیڑ دی تھی کہ بھارت کو آئندہ کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان کے خلاف میچ کھیلنے سے انکار کر دینا چاہئیے۔

بھارتی ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی نے کہا تھا کہ ورلڈ کپ میں پاکستان کے خلاف کھیلنے کے حوالے سے بھارتی کرکٹ بورڈ اور بھارتی حکومت جو بھی فیصلہ کرے گی وہ اسے من و عن قبول کریں گے۔

تاہم گنگولی نے کہا تھا کہ ایسا کرنا غلط ہو گا کیونکہ پاکستان کے خلاف کھیلنے سے انکار پر بھارتی ٹیم دو پوائنٹس سے محروم ہو جائے گی اور بنا کھیلے یہ دو پوائنٹ پاکستان کو دے دیئے جائیں گے جو بہت غیر مناسب بات ہو گی۔

بھارت پاکستان میچ کے ٹکٹ حاصل کرنے کے لئے چار لاکھ شائقین پہلے ہی درخواست دے چکے ہیں جبکہ سٹیڈیم میں صرف 25,000 شائقین کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔ آئی سی سی اور ورلڈ کپ آرگنائزنگ کمیٹی کا کہنا ہے کہ ٹکٹوں کے حصول کے لئے یہ تعداد بہت بڑی اور بہت ہی غیر معمولی ہے، اور اُنہیں یقین ہے کہ یہ میچ ضرور منعقد ہو گا۔

XS
SM
MD
LG