رسائی کے لنکس

دنیا کی مہنگی ترین طلاقیں


بل گیٹس اور ملنڈا گیٹس
بل گیٹس اور ملنڈا گیٹس

مائیکروسافٹ کے بانی اور دنیا کے چوتھے امیر ترین شخص بل گیٹس اور ان کی اہلیہ ملنڈا گیٹس نے جب سے طلاق کا فیصلہ کیا ہے. تب سے قیاس کیا جا رہا ہے کہ یہ دنیا کی تاریخ کی سب سے مہنگی طلاق ثابت ہو سکتی ہے۔

جوڑے نے منگل کو الگ الگ اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایک مشترکہ بیان جاری کیا تھا جس میں انہوں نے 27 سالہ ازدواجی سفر کے خاتمے کا اعلان کیا تھا۔

بل گیٹس اور ملنڈا نے جہاں بیان میں علیحدگی کی وجوہات کا مختصر ذکر کیا وہیں انہوں نے مستقبل میں اپنی فلاحی فاؤنڈیشن 'بل اینڈ ملنڈا گیٹس فاؤنڈیشن' کے لیے ایک ساتھ کام جاری رکھنے کے عزم کا ابھی اظہار کیا تھا۔

بلوم برگ کے مطابق بل گیٹس کے اثاثوں کی مالیت 146 ارب ڈالر ہے۔ امریکی قانون کے تحت طلاق کی صورت میں بل گیٹس کو اپنی آدھی دولت ملنڈا گیٹس کو دینا ہو گی جو تقریباً 73 ارب ڈالر ہو سکتی ہے۔

اس طرح جوڑے کے درمیان ہونے والی طلاق دنیا کی مہنگی ترین طلاق ثابت ہو سکتی ہے۔

یاد رہے کہ بل گیٹس کی طلاق کے فیصلے سے قبل امریکی ای کامرس کمپنی 'ایمیزون' کے بانی جیف بیزوز کی 2019 میں ہونے والی طلاق دنیا کی مہنگی ترین طلاق تھی۔

بل اور ملنڈا گیٹس
بل اور ملنڈا گیٹس

پچیس سال رشتہ ازدواج میں رہنے کے بعد جیف بیزوز نے طلاق کے بدلے اپنی اہلیہ میکنزی کو 38 ارب ڈالر ادا کیے تھے جس کے بعد میکنزی دنیا کی تیسری امیر ترین خاتون بن گئی تھیں۔

فوربز میگزین کے مطابق میکنزی نے گزشتہ برس 384 فلاحی اداروں کو چار ارب ڈالر سے زائد مالی امداد فراہم کی تھی۔

جیف بیزوز اور میکنزی سکاٹ
جیف بیزوز اور میکنزی سکاٹ

مہنگی ترین طلاقوں میں تیسرے نمبر پر امریکی بزنس مین ایلک ویلڈر سٹین کی 1999 میں ہونے والی طلاق ہے جس میں انہوں نے اپنی اہلیہ جوسلین ویلڈر سٹین کو ڈھائی ارب ڈالر ادا کیے تھے۔

اس کے علاوہ وہ 13 سال تک 10 کروڑ ڈالر سالانہ ادا کرتے رہے۔ کئی بار پلاسٹک سرجری کرانے پر انہیں "کیٹ وومن" بھی کہا جاتا ہے۔ جو اب تک ایک کروڑ ڈالر کی سرجری کروا چکی ہیں۔

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق عدالت نے جوسلین کو طلاق سے حاصل ہونے والی رقم کو پلاسٹک سرجری پر خرچ کرنے سے منع کر دیا تھا۔

روپرٹ مرڈوک اور وینڈی مرڈوک
روپرٹ مرڈوک اور وینڈی مرڈوک

چوتھے نمبر پر میڈیا اینڈ بزنس ٹائیکون روپرٹ مرڈوک کی طلاق ہے۔ 1999 میں ہونے والی اس طلاق سے قبل روپرٹ مرڈوک 32 برس تک رشتہ ازدواج میں منسلک رہے۔

طلاق میں روپرٹ مرڈوک نے اہلیہ آنا مرڈوک کو 1.7 ارب ڈالر ادا کیے تھے۔ جس میں 110 ملین ڈالر نقد رقم بھی شامل تھی۔ طلاق کے 17 روز بعد ہی روپرٹ مرڈوک نے اپنے سے 38 سال کم عمر ماڈل سے شادی کر لی تھی۔

مہنگی ترین طلاقوں میں پانچویں نمبر پر فارمولا ون کے سابق چیف ایگزیکٹو اور برطانوی بزنس مین برنی ایکسلیس سٹون کی طلاق شامل ہے۔ جس کے نتیجے میں انہوں نے اپنی اہلیہ سلیویکا کو ایک اعشاریہ دو ارب ڈالر ادا کیے تھے۔

لیکن ایک غیر معمولی معاہدے کے تحت برنی اپنی سابقہ اہلیہ کے ٹرسٹ فنڈ سے سالانہ 10 کروڑ ڈالر حاصل کرتے رہے۔

XS
SM
MD
LG