جرمن چانسلر شلز کا کینیڈ اکا پہلا دورہ، ترقیاتی معاہدے پر دستخط
جرمن چانسلر اولاف شلز کے کینیڈا کے پہلے سرکاری دورے کے دوران دونوں ملکوں کے درمیان ایک معاہدہ طے پا گیا ہے۔
کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے نیو فاؤنڈ لینڈ میں ایک تقریب کے دوران اس معاہدے کے نمایاں پہلو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ اس معاہدے کے تحت متوسط طبقے کے لیے ملازمتوں کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور مقامی سطح پر ترقی کو بڑھایا جائے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ آب وہوا کی تبدیلی سے پیدا ہونے والے مسائل سے بھی نمٹا جائے گا ۔
وزیر اعظم ٹروڈو کا کہنا تھا کہ معاہدے کے تحت ہائیڈروجن اتحاد کے ذریعے ، کینیڈا اور جرمنی ایک ٹرانس اٹلانٹک رسدی گزر گاہ قائم کرنے اور ہائیڈروجن پراجیکٹس میں سرمایہ کاری پر راغب کرنے کے لیے پالیسیوں کو مربوط کیا جائے گا۔
انہوں نے ہائیڈروجن الائنس کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ معاہدہ ہائیڈروجن پرا جیکٹس پر سرمایہ کاری اور تجارتی راہداری میں سہولتیں فراہم کرے گا۔
شام: امریکی فورسز کے ایرانی حمایت یافتہ ملیشا کے ٹھکانوں پرفضائی حملے
امریکی فوج نے منگل کو دیر گئے بتایا کہ اس کی فورسز نے مشرقی شام میں ایران کی پاسداران انقلاب فورس سے منسلک گروپس کے زیر استعمال انفرا اسٹرکچر کی تنصیبات کو ہدف بناتے ہوئے فضائی حملے کئے ہیں۔
امریکی سینٹرل کمانڈ کے کمیونی کیشن ڈائریکٹر کرنل جو بو چینو نے ایک بیان میں کہا کہ صدر جو بائیڈن نے دیر الزور میں حملوں کی منظوری دی ، اور یہ کہ ان کارروائیوں کا مقصد ایران کے حمایت یافتہ گروپس کی جانب سے امریکی اہل کاروں کے خلاف حملوں سے دفاع تھا ۔
کرنل جو بوچینو نے کہا ،" آج کے حملے امریکی اہل کاروں کے تحفظ اور دفاع کے لیے ضروری تھے ۔ امریکہ نے متناسب اور دانستہ کارروائی کی جس کا مقصد حملوں کے بڑھنے کے خطرےکو محدود کرنا اور جانی نقصان کے خطرے کو کم کرنا تھا۔
بیان میں مشرقی شام میں 15 اگست کو ہونے والے حملے کا حوالہ دیا گیا، جس کے بارے میں امریکہ نے کہا کہ اس میں ایک ڈرون شامل تھا جس نے امریکی فوجیوں اور امریکہ کے حمایت یافتہ شامی اپوزیشن کے جنگجوؤں کے زیر انتظام ایک کمپاؤنڈ کو نشانہ بنایا تھا ۔
میانمار سیاسی بحران کے حل میں روہنگیا کو بھی شامل کرے، سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ
اقوام متحدہ کے سر براہ میانمار کی فوجی حکومت پر زور دے رہے ہیں کہ وہ ملک کے سیاسی بحران کے حل میں نسلی روہنگیا کو شامل کرے ۔ ان کا یہ تبصرہ میانمار کی فوج کی پکڑ دھکڑ کی ایک کارروائی سے جان بچا کر بنگلہ دیش فرار ہونے والی مسلم اقلیت کے بڑے پیمانے کے ایک انخلا کے آغاز کے پانچ سال مکمل ہونے کے موقع پر بدھ کے روز سامنے آیا ۔
ایسو سی ایٹڈ پریس کے مطابق اقوام متحدہ کے ایک ترجمان کا کہنا ہے کہ سیکرٹری جنرل اینٹونیو گوئٹریس نے کہا ہے کہ روہنگیا کے لوگوں کو بودھ اکثریتی ملک میانمار میں بڑے پیمانے کے امتیازی سلوک کا سامنا ہے جہاں بیشتر کو شہریت اور بہت سے دوسرے حقوق دینے سے انکار کیا گیا ہے ۔ اس وقت تقریباً دس لاکھ روہنگیا مسلمان زیادہ تر بنگلہ دیش کے کیمپوں میں مقیم ہیں۔
چین کے نوجوانوں میں بے روزگاری کی سطح 20 فی صد ہو گئی
چین کے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 1999میں چین میں دس لاکھ سے بھی کم طالب علموں نے کالجوں سے گریجوایشن کی ۔ اس سال 10٫7 ملین گریجوایٹس کی ایک ریکارڈ تعداد چین کی جاب مارکیٹ میں داخل ہوئی ہے۔ اور ان میں سےبہت سوں کو ملازمتوں کی تلاش میں سخت مشکلات کا سامنا ہے۔
چین کے شماریات کے قومی ادارے کی جانب سے جاری تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق جولائی کے مہینے میں ملک کے نوجوانوں میں بے روزگاری کی شرح جولائی میں 19٫9 فیصد تک پہنچ گئی ۔ یہ جنوری 2018 میں جب سے بیجنگ نے انڈیکس شائع کرنا شروع کیا ہے ، بلند ترین شرح ہے ۔ اس وقت یہ شرح 9٫6 فیصد تھی۔
چین کے متعدد تجزیہ کار وں نے وی او اے کو بتایا ہے کہ جولائی میں 16 سے 24 سال کے نوجوانوں میں بے روزگاری کی بلند شرح کی بڑی وجہ وہ اقتصادی کساد بازاری ہے جس نے چین کو گزشتہ چند برسوں سے اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے ۔ یہ کساد بازاری کویڈ۔ 19 کی وبا اور بیجنگ کی وبا پر قابو پانے کے لیے چین کی سخت پابندیوں کے باعث مزید بد تر شکل اختیار کر گئی ہے ۔ ان پابندیوں میں زیرو کویڈ پالیسی شامل ہے جس کے نتیجے میں برآمدات اور صارفین کے اخراجات میں کمی واقع ہوئی ۔