بھارت کے شہر کوچی میں واقع کوچن انٹرنیشنل ایئرپورٹ میں منگل کو 12 میگاواٹ سولر پاور پلانٹ کا افتتاح کیا گیا، جس سے شمسی توانائی سے چلنے والا یہ دنیا کا پہلا ایئرپورٹ بن گیا۔
ریاست کیرالا میں واقع یہ پلانٹ 46,150 شمسی پینلوں پر مشتمل ہے جنہیں 45 ایکڑ اراضی پر مشتمل علاقے میں نصب کیا گیا ہے۔ اس پلانٹ سے روزانہ حاصل کی جانے والی 50,000 سے 60,000 یونٹ توانائی سے ایئرپورٹ کے آپریشنز کو چلایا جائے گا۔ یہ دنیا کا پہلا ایئرپورٹ ہے جو اب مکمل طور پر شمسی توانائی سے چلایا جا رہا ہے۔
اس سے قبل کوچن انٹرنیشنل ایئرپورٹ لمیٹڈ نے 2013 میں جہازوں کے آمد کے ٹرمینل کی چھت پر ایک شمسی پلانٹ نصب کیا تھا۔
اس پلانٹ نے کیرالا میں گرڈ سے منسلک شمسی توانائی کے شعبے میں نئی روایت کا آغاز کیا۔ گرڈ سے منسلک شمسی توانائی کے پلانٹس میں بجلی ذخیرہ کرنے کے لیے بیٹریاں استعمال نہیں کی جاتیں بلکہ ضرورت سے زائد بجلی مقامی گرڈ کو منتقل کر دی جاتی ہے جسے دیگر صارفین استعمال کر سکتے ہیں۔
اگلے 25 برسوں کے دوران کوچن انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے شمسی پلانٹ کے باعث فضا میں کوئلے سے بجلی پیدا کرنے والے پلانٹس سے تین لاکھ ٹن کاربن ڈائی آکسائڈ گیس کے اخراج سے بچا جا سکے گا، جو تیس لاکھ درخت لگانے کے برابر ہو گا۔