رسائی کے لنکس

رائٹرز گلڈ ایوارڈز 2022: فلم 'کوڈا' آسکرز کی ریس میں آگے


مبصرین کا کہنا ہے کہ آسکرز کے لیے بہترین فلم کی کیٹیگری میں 'کوڈا' اور 'دی پاور آف دی ڈوگ' کے درمیان مقابلہ ہے۔
مبصرین کا کہنا ہے کہ آسکرز کے لیے بہترین فلم کی کیٹیگری میں 'کوڈا' اور 'دی پاور آف دی ڈوگ' کے درمیان مقابلہ ہے۔

فلمی دنیا کے سب سے بڑے ایوارڈز 'آسکرز' کے فاتحین کا اعلان 27 مارچ کو ہونے جا رہا ہے اور اس سے قبل ہونے والے ایوارڈز سے اس بات کا انداز لگانے کی کوشش کی جاتی ہے کہ کون سی فلم اور فن کار ہالی وڈ کے سب سے معتبر ایوارڈز کے حق دار ہو سکتے ہیں۔

اتوار کو 'رائٹرز گلڈ ایوارڈز 2022' کی ورچوئل تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں فلم، ٹیلی وژن اور دیگر کیٹیگریز کے فاتحین کا اعلان کیا گیا۔

'رائٹرز گلڈ ایوارڈز' میں بہترین ایڈاپٹڈ اسکرین پلے کی کیٹیگری میں فلم 'کوڈا' فاتح قرار پائی جب کہ فلم 'ڈونٹ لک اپ' کو بہترین اوریجنل اسکرین پلے کی کیٹیگری میں ایوارڈ ملا۔

اس سے قبل فلم 'کوڈا' پروڈیوسرز گلڈ اور اسکرین ایکٹرز گلڈ ایوارڈز کی اعلیٰ کیٹیگریز کی فاتح رہی ہے۔ اب 'کوڈا' کو آسکرز کے لیے بہترین فلم کے ایوارڈ کی ریس میں سب سے آگے دیکھا جا رہا ہے۔

فلم 'کوڈا' کی کہانی ایک ایسے خاندان کے گرد گھومتی ہے جو قوتِ سماعت سے محروم ہے البتہ ان کی ایک لڑکی کی سماعت درست ہے۔

یاد رہے کہ 19 مارچ 2022 کو لاس اینجلس میں 33ویں 'پروڈیوسرز گلڈ ایوارڈز' کی رنگا رنگ تقریب منعقد کی گئی تھی۔

انٹرٹینمنٹ کے جریدے 'دی ہالی وڈ رپورٹر' کے مطابق کئی مبصرین کا کہنا ہے کہ آسکرز کے لیے بہترین فلم کی کیٹیگری میں 'کوڈا' اور 'دی پاور آف دی ڈوگ' کے درمیان مقابلہ ہے۔

دونوں فلمیں 'ڈائریکٹرز گلڈ ایوارڈز' اور 'بافٹا ایوارڈز' کی تقریب کے سب سے بڑے ایوارڈز اپنے نام کر چکی ہیں۔

علاوہ ازیں 'رائٹرز گلڈ ایوارڈز' میں بہترین دستاویزی اسکرین پلے کا ایوارڈ فلم 'ایکسپوزنگ مائی برج' کے نام رہا جب کہ بہترین ڈرامہ سیریز کا ایوارڈ 'سکسیشن' کو ملا۔

بہترین کامیڈی سیریز کے لیے 'ہیکس' فاتح قرار پائی جب کہ نیو سیریز کی کیٹیگری کے لیے بھی 'ہیکس' کو ہی ایوارڈ ملا۔

اوریجنل لانگ فارم کی کیٹیگری کے لیے کرائم سیریز 'میئر آف ایسٹ ٹاؤن' کو ایوارڈ سے نوازا گیا جب کہ ایڈاپٹڈ لانگ فارم کے لیے 'میڈ' فاتح قرار پائی۔

XS
SM
MD
LG