رسائی کے لنکس

یمن: صدر صالح کا معاہدے پر دستخطوں سے انکار


یمن: صدر صالح کا معاہدے پر دستخطوں سے انکار
یمن: صدر صالح کا معاہدے پر دستخطوں سے انکار

روئیٹرز نیوز ایجنسی نے عہدے داروں کے حوالے سے کہا ہے کہ صدر معاہدے پر حکمران پارٹی کے سربراہ کے طورپر دستخط کرنا چاہتے ہیں۔

یمن کے حزب اختلاف کی ایک اہم تنظیم نے کہاہے کہ صدر علی عبداللہ صالح نےاس معاہدے پر دستخط سے انکار کردیا ہے جس میں ملک میں جاری بے چینی کے خاتمے کےلیے ان کے استعفے کی شق شامل ہے۔

حزب اختلاف کے عہدے داروں نے ہفتے کے روز کہا کہ معاہدے کے ثالث عبدالطیف الزیانی جو چھ رکنی خلیجی تعاون کونسل کے سربراہ بھی ہیں، معاہدے پر صدر کے دستخطوں کے بغیر ہی یمن سے چلے گئے ہیں۔

حزب اختلاف کا کہناہے کہ مسٹر صالح نے معاہدے پر صدر کی حیثیت سے دستخط کرنے سے انکار کردیاہے۔ روئیٹرز نیوز ایجنسی نے عہدے داروں کے حوالے سے کہا ہے کہ صدر معاہدے پر حکمران پارٹی کے سربراہ کے طورپر دستخط کرنا چاہتے ہیں۔

خلیج تعاون کونسل کے عہدے دار معاہدے پر دستخطوں کی تقریب میں شرکت کے لیے ، جو پروگرام کے مطابق پیر ہونی تھی، ہفتے کے روز سعودی عرب سے یمن پہنچے تھے۔

معاہدے میں صدر صالح سے کہا گیا ہے کہ وہ دستاویز پر دستخطوں کے بعدقتدار اپنے نائب کو سونپ کر30 روز کے اندر اپنے عہدے سے مستعفی ہوجائیں۔

اس کے بعد ایک اتحادی حکومت قائم کی جائے گی جس میں حزب اختلاف کے ارکان بھی شامل ہوں گے۔ معاہدے کا مقصد صدر کے فوری استعفیٰ کے لیے حزب اختلاف کے مظاہروں کے نتیجے میں ملک میں کئی ہفتوں سے جاری پرتشدد بے چینی ختم کرنا تھا۔

معاہدے نے حزب اختلاف کے ارکان کو بھی تقسیم کردیا ہے ۔ کچھ لوگ معاہدے کے حامی ہیں جب کہ کئی ایک اسے ناکافی قرار دیتے ہیں۔ بہت سے مظاہرین کو معاہدے کی اس شق پر اعتراض ہے جس میں صدر اور ان کے خاندان کو مقدموں سے تحفظ کی ضمانت دی گئی ہے۔

ہفتے کے روز جنوبی ساحلی شہر عدن میں کم ازکم دو مظاہرین اس وقت ہلاک ہوگئے جب سیکیورٹی فورسز نے حزب اختلاف کے کارکنوں سے ایک چوک خالی کرانے کے لیے فائرنگ کی۔

یمنی عہدے داروں کا کہناہے کہ ہفتے کے روز شہر میں رونما ہونے والے مختلف واقعات میں کم ازکم دو سیکیورٹی اہل کار ہلاک اور دو زخمی ہوگئے ۔ فرانسیسی خبررساں ادارے کے مقامی عہدے داروں کے حوالے سے کہا ہے کہ جب سیکیورٹی فورسز نے حکومت مخالفین کی جانب سے بچھائی گئی رکاوٹیں ہٹانے کی کوشش کی تو مظاہرین نے ان پر گولیاں برسانی شروع کردیں۔

XS
SM
MD
LG