رسائی کے لنکس

آزاد فلسطینی ریاست کی حمایت کا اعادہ


اسلام آباد میں ایوانِ صدر میں 12 فروری کو صدر آصف زرداری اور صدر محمود عباس کی ملاقات
اسلام آباد میں ایوانِ صدر میں 12 فروری کو صدر آصف زرداری اور صدر محمود عباس کی ملاقات

صدر آصف علی زرداری نے ایک آزاد اور خود مختار ریاست کے قیام کے لیے فلسطین کے عوام کی بھرپور حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں امن اسرائیل اور فلسطین کے درمیان تنازعے کے حل سے ہی ممکن ہے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے جمعے کو پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے فلسطینی ریاست کے صدر محمود عباس سے بات چیت میں کہی جنھوں نے اپنے وفد کے ہمراہ ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔

پاکستانی صدر نے غزہ پر اسرائیلی کارروائیوں اور اس کے بعد سے علاقے کی مسلسل بندش کی مذمت کرتے ہوئے فلسطینی علاقوں میں یہودی بستیوں کی آباد کاری کی بھی سخت مخالفت کی۔

صدر کا کہنا تھا کہ پاکستان اسرائیل فلسطین تنازعے کے دو ریاستی حل کی حمایت کرتا ہے اور ان تمام کوششوں کے بھی حق میں ہے جو اس مسئلے کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کی ایسی راہ فراہم کرے جو فلسطینی عوام کے لیے قا بل قبول ہو۔

خیال رہے کہ پاکستان اور اسرائیل کے درمیان سفارتی تعلقات نہیں ہیں اور نہ ہی پاکستان اسرائیلی ریاست کو تسلیم کرتا ہے۔

پاکستان تاریخی طور پر ایسی فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت کرتا آیا ہے جو آزاد ہو اور اس کا دارالحکومت القدس ہو۔

XS
SM
MD
LG