پاکستان کے صدر آصف علی زرداری کے دورہٴ بھارت کے موقع پر اتوار کے روز نئی دہلی، اوربالخصوص اجمیر میں، غیر معمولی حفاظتی انتظامات کیے جارہے ہیں، جہاں وہ صوفی سنت خواجہ معین الدین چشتی کی درگاہ پر حاضری دیں گے اور چادر چڑھائیں گے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق، وہ سہ پہر ساڑھے چار بجے کے آس پاس درگاہ پہنچیں گے اور وہاں 35منٹ رکیں گے۔اِس دوران، آس پاس کے بازار اور درگاہ کو عام زائرین کے لیے بند کردیا جائے گا۔
صدرِ پاکستان کے تحفظ کویقینی بنانے کے لیے درگاہ کے علاقے میں 2000پولیس جوان تعینات رہیں گے۔کثیر منزلہ عمارتوں پر بھی پولیس کوتعینات کیا جارہا ہے۔
اجمیر کے ضلع کلیکٹر منجو راج پال کےمطابق، انتظامیہ سلامتی کے تمام ضروری انتظامات کریں گے۔
قبل ازیں، آصف زرداری دوپہر سے پہلے نئی دہلی پہنچیں گے، جہاں وزیرِ اعظم من موہن سنگھ کی رہائش گاہ پر ظہرانے کا اہتمام کیا گیا ہے۔کھانے سے قبل، دونوں راہنما تنہائی میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہٴ خیال کریں گے۔
ذرائع کے مطابق ظہرانے میں متعدد وزرا اور سونیا گاندھی کے علاوہ اپوزیشن لیڈر ایل کے آڈوانی اور سشما سوراج بھی شرکت کریں گی۔آصف زرداری کا قافلہ نئی دہلی سے بذریعہ طیارہ اجمیر جائے گا۔
سانگہ نیر ہوائی اڈے پر اجمیر کے ڈویژنل کمشنر، آئی جی پی، ضلع کلیکٹر اور ایس پی اُن کا خیر مقدم کریں گے۔ وہاں سے اُن کا قافلہ ہیلی کاپٹروں کے ذریعے گوبھرا ہیلی پیڈ جائے گا اور پھر وہاں سے 12کلومیٹر کا سفر بذریعہ سڑک طے ہوگا۔
درگاہ کے خدام کے مطابق، توقع ہے کہ صدرِ پاکستان نمازِ عصر سے قبل وہاں سے روانہ ہو جائیں گے۔