رسائی کے لنکس

’دہشت گردی کے خاتمے کے لیے عالمی سطح پر مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے‘


’دہشت گردی کے خاتمے کے لیے عالمی سطح پر مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے‘
’دہشت گردی کے خاتمے کے لیے عالمی سطح پر مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے‘

صدر آصف علی زرداری نے دہشت گردی کے خاتمے کے عزم کو دہراتے ہوئے کہا ہے کہ اس بڑھتے ہوئے خطرے سے نمٹنے کے لیے عالمی سطح پر مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔

یہ بات انھوں نے ہفتے کوایران میں دہشت گردی کے خلاف ہونے والی دور روزہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

صدر زرداری کا کہنا تھا کہ دہشت گردی پوری دنیا کا مسئلہ ہے جسے طاقت کے ذریعے وقتی طور پر تو حل کیا جاسکتا ہے لیکن ان کے بقول اس کے دیرپا حل کے لیے سیاسی ، سماجی اور اقتصادی پہلوؤں پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ ” اس مسئلے سے کلی طور پر نمٹنے اور شدت پسندی کو شکست دینے کے خوف اور عدم استحکام پر مبنی خدشات کو دور کرنا ضروری ہے۔“

صدر زرداری نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کو اب تک اربوں ڈالرز کا نقصان اٹھانا پڑا ہے اور اس کے 35ہزار سے زائد لوگ مارے جاچکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کو شکست دینے کے لیے تعلیم، صحت اور روزگار کے مواقع مہیا کرنا ہوں گے۔”یہ جنگ جیتنے کے لیے لوگوں کو مستقبل کی امید دلانا ہو گی۔“ ان کے بقول لوگوں کے دل و دماغ کو جیت کر یہ جنگ جیتی جاسکتی ہے۔

پاکستانی صدر نے اپنے خطاب میں دہشت گردی کو ایک سوچ سے تعبیر کرتے ہوئے کہا ”یہ ایک ذہنی بیماری ہے جو تشدداور عدم برداشت کو فروغ دیتی ہے۔ دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا اور انھوں نے تباہی اور موت پھیلا کر انسانی اقدار کو پامال کیا ہے۔“

دہشت گردی کے خلاف ہونے والی اس کانفرنس میں ساٹھ ملکوں کے نمائندے شرکت کررہے ہیں جن میں بعض ملکوں کے صدور بھی شامل ہیں۔

XS
SM
MD
LG