رسائی کے لنکس

تاجکستان: گروس من کی صدر زرداری سے ملاقات


فائل
فائل

گروس من نے امریکہ پاکستان تعلقات پرجاری پارلیمانی جائزے کے لیے تعظیم کا اظہار کیا، اورکہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ دونوں ممالک کے مشترکہ مفادات اور یکساں اہداف ہیں، جن پر مل کر اقدام کیا جا سکتا ہے

افغانستان اور پاکستان سے متعلق امریکہ کے خصوصی نمائندے، ایمبسڈر مارک گروس من نے اتوار کے روز دوشنبہ میں صدرپاکستان آصف علی زرداری سے ملاقات کی۔

ملاقات میں ایمبسڈر گروس من نے امریکہ کی طرف سےپاکستان کی علاقائی سلامتی اور اقتدارِ اعلیٰ کو دیے جانے والے احترام پر روشنی ڈالی۔ یہ بات اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے کے ترجمان کی طرف سے جاری ہونے والی ایک پریس رلیزمیں بتائی گئی ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ گروس من نے امریکہ پاکستان تعلقات پرجاری پارلیمانی جائزے کے لیے تعظیم کا اظہار کیا، اورکہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ دونوں ممالک کے مشترکہ مفادات اور یکساں اہداف ہیں، جن پر مل کر اقدام کیا جا سکتا ہے۔

گروس من نےبتایا ہے کہ صدر زرداری نے علاقائی استحکام اور سلامتی کی اہمیت سےمتعلق بات کی، جس میں افغان امن عمل کی حمایت کے لیے کوششیں کرنا شامل ہے۔

گروس من نے کہا کہ افغان امن عمل میں شریک ہونے کے لیےپاکستان نے سرکشوں کو جو حالیہ پیش کش کی ہے، وہ، اُن کے بقول، خوش آئند اور مفید ہے۔

دونوں نےباغیوں کے ہاتھوں افغان، پاکستانی اور امریکیوں کوپہنچنے والے نقصان سے بچنے کے لیے انسداد دہشت گردی کے کام میں تعاون کی اہمیت پر بھی بات کی، اور ایمبسڈر گروس من نے پُر تشدد انتہا پسندی کے خلاف لڑائی میں پاکستان کی طرف سے دی جانے والی بے انتہا قربانیوں کا ذکر کیا۔

دونوں نےعلاقائی انحصار پرمبنی معاشی عمل کی اہمیت کی طرف توجہ دلائی اوربہتر نتائج کےحصول کے لیے باہمی اور علاقے کی بنیاد پرتجارت اورمعاشی تعاون بڑھانےکے بارے میں غور کیا۔

ایمبسڈرگروس من نے اس بات پرزوردیا کہ امریکہ پاکستان کے ساتھ منصفانہ، تعمیری اور دوطرفہ فائدے کی نوعیت کےتعلقات کا خواہاں ہے، اورتعلقات کوجاری رکھنے کی خواہش میں پُرعزم ہے۔

دونوں نے کہا کہ وہ 27مارچ کو سیئول میں صدراوباما اوروزیراعظم گیلانی کے درمیان ہونے والی ملاقات کے منتظر ہیں۔

XS
SM
MD
LG