ارباز خان کی گاڑی کی ٹکر سے عورت ہلاک، پریانکا فلاپ ،عامر خان ہٹ ہوگئے

Bollywood

عامر خان کاپہلا ٹی وی شو ”ستیا میو جیتے“سپرہٹ ہوگیا اور بھارت سے باہر بھی اس شو نے خوب نام کمایا۔
ستاروں کی دنیا میں خوش آمدید۔ آپ کہیں گے یہ کون سے ستارے ہیں تو سن لیجئے یہ فلمی ستارے ہیں جن کی دنیا سے ہم لائے ہیں آپ کے لئے ’ڈھکی چھپی‘ خبریں ’وبریں‘۔آنے والی فلموں کی کہانیاں ’وہانیاں‘، باتیں’ شاتیں‘،گپیں ’شپیں‘۔۔اور وہ سب ہنگامے ’ونگامے‘۔۔ جو ’ستاروں کی دنیا‘ یعنی ’بالی ووڈ‘،’ ہالی ووڈ‘،’ لالی ووڈ ‘اور ٹی وی’ شی وی‘ کے پردے پر ہورہا ہے۔۔تو سب سے پہلے وہ خبر جو آج دن بھر ممبئی کی فلمی نگری میں گردش کرتی رہی۔۔

ارباز خان کی کار سے ہوئی 70سالہ بوڑھی کی موت
جی ہاں۔۔۔!!فلم ’دبنگ ‘ کے ہیرو سلمان خان کے بھائی پروڈیوسر، ڈائریکٹر ارباز خان کی کار سے لینڈ کروزرنے اتوار کی شام ایک 70سالہ بوڑھی عورت کی جان لے لی ۔ ممبئی پولیس کا کہنا ہے کہ کار کے مالک ارباز خان ہیں جبکہ کاران کے تیسرے بھائی سہیل خان کا ڈرائیوردھن آنجے چلارہا تھا کہ سینٹ اینڈریوز چرچ کے قریب رات گیارہ بجے کے آس پاس اس نے ایک ستر سالہ عورت کوٹکر مار دی جس سے وہ عورت ہلاک ہوگئی تاہم پولیس نے پھرتی دکھاتے ہوئے دھن آنجے کو گرفتارکرلیا۔

ممبئی پولیس کا کہنا ہے کہ ڈرائیور نے شراب نہیں پی ہوئی تھی تاہم اس نے ڈرائیونگ کے دوران غفلت کا مظاہرہ کیا جس کے سبب اس عورت کی جان چلی گئی۔ مرنے والی عورت کا نام چندربالا بتایا جاتا ہے جسے پولیس نے زخمی حالت میں اسپتال پہنچایا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاسکی اور دم ٹوڑ دیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے وقت کار میں ’خان ‘ برادرز یا ان کے خاندان کا کوئی بھی فرد کار میں موجود نہیں تھا۔

لیلا سنجے بنسالی ۔۔رہتک روشن سے مایوس نہیں ہوئے۔۔۔
لیلا سنجے بنسالی اور رہتک روشن کی فلم ”گزارش“ کی ناکامی کے بعد ہر کوئی یہ سوچ رہا تھا کہ بس۔۔۔۔۔۔اب سنجے کا دل رہتک سے ٹوٹا ہی ٹوٹا۔۔۔۔اور اب دونوں کبھی ایک دوسرے کے ساتھ کام نہیں کریں گے مگر مجال ہے جو کسی نے مالی نقصان کی زرا بھی پروا کی ہو۔ ۔۔

۔ہاں ناں۔۔۔!!اب خبر آئی ہے کہ دونوں پھر ایک ساتھ کام کرنے کی ٹھان چکے ہیں۔ وہ بھی ایک ایسی لو اسٹوری میں جس کا ہیرو سائیکل پر سفر کرتا ہوا یورپ پہنچتا ہے اور دل دے بیٹھتا ہے ایک الھڑ ۔۔۔اوربھولی بھالی سی لڑکی کو۔ ۔۔’پیار ہوا اقرار ہوا‘ کی ’مافک‘۔۔۔مگر آگے کیا ہوا؟۔۔۔ یہ تو آپ کو فلم دیکھنے کے بعد ہی پتہ چلے گا مگر سن لیں آپ۔۔رہتک روشن کو ” اگنی پتھ “ جیسی دو ایکشن فلموں کے بعد پھر سے عشقیہ کہانی والی فلم مل گئی ہے۔۔۔

مگر ہم تو یہ کہیں گے کہ بھئی سنجے کا بڑا ’دل گردہ ‘ہے جو آزمائے ہوئے ہیرو پھر آزمارہے ہیں۔ ثابت ہوتا ہے کہ سنجے ، رہتک سے ابھی بھی مایوس نہیں ہوئے۔۔۔ ہم نے تو یہاں تک سنا ہے کہ لیلا سنجے پہلے رنویر سنگھ اور کرینہ کپور کے ساتھ اپنی زیرتکمیل فلم پوری کرلیں ۔۔پھر اس کے بعد نئی فلم فلور پر جائے گی۔۔

پریانکا چوپڑاکی ’تیری میری کہانی ‘فلاپ ہوگئی۔۔
لو جی۔۔۔! اب یہ بھی ہونا تھا۔ ۔۔پریانکا چوپڑا کی نئی فلم ’تیری میری کہانی‘ فلاپ ہوئے دیر نہیں ہوئی کہ پریانکا نے نیا ’آسرا‘ ڈھنڈلیا۔ کہتی ہیں” تیری میری کہانی“ فلاپ ہوئی تو کیا۔۔۔آنے والی فلم ”برفی “ہٹ ہوگئی تو سارا غم غلط ہوجائے گا۔۔“

ویسے بے چاری کے ساتھ ہوا برا۔ کیا تو ”اگنی پتھ“ایک ارب کا بزنس کرنے میں کامیاب ہوگئی یا ”تیر ی میری کہانی“۔۔۔پھس بم کی طرح یکدم ہی ”پھس “ ہوگئی۔ ویسے اب پریانکا کو ”سات خون معاف“ اور ”پیار امپوسیبل “ والے دن یاد آگئے ہوں گے۔ ۔۔کیوں کہ یہ دونوں فلمیں بھی باکس آفس سے ناکامی کی مہر ثبت کراچکی تھیں۔

اب ہم یہ امید اور دعا ہی کرسکتے ہیں ۔۔پریانکا کے حق میں ۔۔کہ ان کی آنے والی فلم ”برفی “ سابقہ فلموں ”فیشن “ اور ”دوستانہ“ کی طرح ہٹ ہوں ۔

”ستیا میو جیتے“کے دوسرے سیشن کی تیاریاں۔۔
عامر خان کاپہلا ٹی وی شو ”ستیا میو جیتے“سپرہٹ ہوگیا ۔ پورے بھارت اور بھارت سے باہر بھی اس شو نے خوب نام کمایا۔ ایسی کامیابی عامر خان کی امید خود عامر خان کو بھی نہیں تھی۔ شو کی تیرہ قسطیں بنیں تھیں ۔۔مگر اس کی کامیابی کودیکھتے ہوئے نئے سیشن کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔

تھری ایڈیٹس‘۔۔میں سے ایک عامر خان تو اس ماہ سے ہوجائیں گے اپنی نئی فلم ”دھوم تھری“ کی شوٹنگ میں جبکہ ان کی ٹیم کرنے لگی ہے نئے موضوعات پر گہری تحقیق جن پر ”ستیا میوجیتے“ کی اگلی قسطیں بنیں گی۔ توقع ہے کہ عامر نئے سیشن کے سیٹس پر اب ستمبر میں ہی لوٹ سکیں گے۔

’شعلے‘۔۔ سو سال کے دوران سب سے نمایاں رہنے والی فلم
’شعلے‘۔۔ بلاخر سو سال کے دوران سب سے نمایاں رہنے والی فلم کا اعزاز حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی ہے ۔ پچھلے ایک مہینے سے اس خبر کا انتظار کیاجارہا تھا۔ ’شعلے‘ 15اگست 1975ء کور یلیز ہوئی تھی اور دھرمیندر، ہیمامالنی، امتیابھ بچن، جیہ بہادری، امجد خان ، سنجیو کمار اور اسرانی وغیرہ اس کے نمایاں فنکاروں میں شامل تھے۔