چوہدری نثار علی خان کی عمران خان پر کڑی تنقید

Nisar Ali- PML-N

ان کا کہنا تھا کہ الزام تراشی کا سلسلہ بند ہونا چاہیے اور اس کا حل یہ ہے کہ عمران خان اور ہم دونوں ثبوت لے کر عدالتوں میں جائیں ۔
قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ ن کے مرکزی راہنماچوہدری نثار علی خان نے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو چیلنج کیا ہے کہ اگر ان کے خلاف عمران کے پاس کوئی ثبوت ہیں تو وہ انہیں عدالت لے کر جائیں۔ ان کا کہنا ہے کہ عمران خان نے 1971 سے1992تک جو کمائی کی اس پر کوئی ٹیکس نہیں دیا ۔

جمعرات کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چوہدری نثار نے عمران خان کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ۔ ان کا کہنا تھاکہ عمران خان کاکوئی ذریعہ معاش نہیں۔ وہ بتائیں کہ ایک سیاسی جماعت چلانے کیلئے پیسہ کہاں سے آیا ؟عمران خان تین سال پہلے تک ایم کیو ایم کے خلاف شدید بیان بازی کرتے تھے پھر اس کے ساتھ سیاست فکسنگ کیوں کی ؟ پہلے ق لیگ کی قیادت کو برا بھلا کہا پھر انہی کو حقیقی اپوزیشن قرار دیا کیوں ؟انہوں نے آج تک اے این پی کے خلاف کوئی لفظ کیوں نہیں بولا ؟


چوہدری نثار کا کہنا تھاکہ عمران خان کی سیاست بہتان اور الزام تراشی کے سوا کچھ نہیں ۔ ان کی پریس کانفرنس نواز شریف پر تنقید سے شروع ہوتی ہے اور اسی موضوع پر ختم ہوتی ہے ۔ وہ موجودہ حکومت کے خلاف کیوں کچھ نہیں بولتے ؟وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک اور عمران خان ایک ہی زبان بولتے ہیں اگر انہیں مسلم لیگ ن کی قیادت کے اثاثوں پر تحفظات ہیں ،حسن نواز اور حسین نواز کے بیرون ملک کاروبار پر شک ہے تو وہ برطانوی عدالت سے رجوع کر سکتے ہیں ۔ وہ سپریم کورٹ اور دیگر ملکی عدالتوں سے رجوع کر سکتے ہیں ۔حسن نواز اور حسین نواز نے برطانیہ اور سعودی عرب میں کروڑوں روپے قرض لے کر کاروبار شروع کیا ۔

ان کا کہنا تھا کہ الزام تراشی کا سلسلہ بند ہونا چاہیے اور اس کا حل یہ ہے کہ عمران خان اور ہم دونوں ثبوت لے کر عدالتوں میں جائیں ۔ اگر عمران خان مجھے عدالت لے کر نہیں گئے تووہ ان کی ٹیکس دستاویزات منظر عام پر لے آئیں گے ۔ عمران خان کے ساتھ 40سال تک ایک تعلق رہا اور ان کے بارے میں بہت کچھ معلوم ہے ، اگر عمران خان نے قبلہ درست نہ کیا تو ایسے انکشاف کروں گا کہ وہ کسی کو منہ نہیں دکھا سکیں گے ۔

یاد رہے کہ مسلم لیگ ن کے رہنماؤں نے بدھ کو بھی ایک پریس کانفرنس کی تھی جس میں شوکت خانم میموریل اسپتال کی انتظامیہ اور عمران خان پر سنگین الزامات عائد کیے تھے اور کہا تھا کہ شوکت خانم کو ملنے والے عطیات ،صدقات اور زکواة کا پیسہ بیرون ملک منتقل کر کے سٹہ کھیلا گیا جس کے جواب میں عمران خان نے جوابی پریس کانفرنس بھی کی تھی لیکن چوہدری نثار کی پریس کانفرنس نے نیا پنڈورا باکس کھول دیا ہے۔