ادکارہ شبنم ، مہدی حسن اور لہری مرحوم کو یاد کرکے آبدیدہ ہوگئیں

  • شہناز عزیز

فلم سٹار شبنم

شبنم کو اس پر بھی حیرت تھی کہ پاکستان میں امن وامان کی جس خراب صورت حال کو ہر وقت اچھالا جاتا ہے ، وہ انہیں وہاں اپنے قیام کے دوران کہیں نظر نہیں آئی۔
ادکارہ شبنم نے حال ہی میں پاکستان کا دورہ کیا جہاں انہوں نے فن کی دنیا سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات سے ملاقاتیں کی اور کئی تقریبات میں شریک ہوئیں۔

وائس آف امریکہ نے ان کے پاکستان کے دورے سے متعلق ایک خصوصی انٹرویو کیا۔ پاکستان کے سفر کی اپنی یادیں دوہراتے ہوئے فلم سٹار شبنم جذباتی ہوگئیں، خاص طورپر’ مہدی حسن صاحب‘ اور اپنے’ لہری بھائی‘ کے ذکر پر۔

ان کا کہنا تھا کہ مہدی حسن صاحب مجھے پہچان نہیں سکے لیکن یہ میری خوش نصیبی ہے کہ میں آخری بار ان سے مل سکی۔ جب کہ لہری بھائی مجھ سےمل کر بہت خوش ہوئے۔۔۔اس وقت بیماری کے باعث وہ بہت تکلیف میں تھے۔شوگر کے مرض کی شدت کی وجہ سے ان کی ایک ٹانگ کٹ چکی تھی ، لیکن وہ پہلے جیسے ہی تھے۔

فلم سٹار شبنم

شبنم کو پاکستان کی فلمی صنعت کی زبوں حالی پر بہت دکھ تھا ۔ ان کا کہناتھا کہ وہاں کی فلمی صنعت تو جیسے مٹ سی گئی ہے اور وہ شہر جہاں انہوں نے درجنوں فلموں میں کام کیا وہاں اب اسٹوڈیو یا تو ویران پڑے کچھ اور بن چکاہے۔

اپنے لاہور کے سفر کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لاہور تو بہت ہی خوبصورت ہوگیا ہے ، لیکن مجھے کسی نے پرانے اسٹوڈیوز دیکھنے کے لیے جانے نہیں دیا۔’’ آغاگل تو اب رہے نہیں اور ان کے بچوں نے کہا کہ ہم آپ کو اسٹوڈیو نہیں لے جائیں گے ۔۔۔ اچھا ہے کہ آپ اسے اسی طرح یاد رکھیں جیسا آپ نے ماضی میں اسے دیکھا تھا۔‘‘

شبنم نے پاکستان کے اپنے دورے کا زیادہ تر وقت لاہور میں گذارا۔ لیکن جب وہاں وہ اپنے پرانے گھر کی تلاش میں نکلیں تو کھو کررہ گئیں۔ ان کا کہناتھا ۔’’ پورا شہر ہی بدل گیا ہے۔ کراچی تو ہمیشہ سے اچھا تھا ہی لیکن لاہور دیکھ کر میں حیران رہ گئی۔‘‘

شبنم کو پاکستان سے اتنی محبتیں ملیں کہ وہ آج بھی اس کا ذکر کرتے ہوئے آبدیدہ ہوجاتیں ہیں۔ وہ کہنے لگیں ۔’’ پرانے لوگ تو مجھے جانتے ہی ہیں ، میری فلموں کی وجہ سے، لیکن نوجوان لڑکے لڑکیاں بھی مجھے بہت پیار سے ملے۔ انہوں نے بتایا کہ ہمارے امی ابا آپ کی باتیں کرتے ہیں۔ ہم نے آپ کو تھیٹر میں تو نہیں لیکن ویڈیوز میں دیکھاہے۔ ۔۔ اور ہمیں آپ کے اردو بولنے کا انداز بہت اچھا لگتا ہے۔‘‘

فلم سٹار شبنم - کراچی ابئرپورٹ پر

شبنم کو اس پر بھی حیرت تھی کہ پاکستان میں امن وامان کی جس خراب صورت حال کو ہر وقت اچھالا جاتا ہے ، وہ انہیں وہاں اپنے قیام کے دوران کہیں نظر نہیں آئی۔

اس سوال کے جواب میں کہ کیاآئندہ ان کا فلموں میں کام کرنے کا کوئی ارادہ ہے؟ شبنم نے کہا کہ بنگلہ دیش میں انہوں نے صرف ایک فلم میں کام کیا ہے اور وہ بھی اس کی کہانی پڑھنے اور کردار پرکھنے کے بعد۔۔’’ میں نے اس فلم میں ماں کا کردار ادا کیا ہے۔‘‘

Your browser doesn’t support HTML5

ادکارہ شبنم کا خصوصی انٹرویو


شبنم کا کہناتھا کہ میں نہیں سمجھتی کہ وہ جس طرح کا کردار ہے، اس سے بہتر کوئی اورلکھا جائے گا اور اسی لیے میرے خیال میں ’’ اماں جان‘‘ میری آخری فلم ہے۔‘‘