فلم 'دی لیگو مووی' برطانوی سینما گھروں پر چھا گئی

گذشتہ ہفتے ریلیز ہونے والی فلم دی لیگو مووی نے برطانوی سینما گھروں میں امکان سے زیادہ کامیابی حاصل کی۔ فلم نے باکس آفس پر پہلے ویک اینڈ پر 8 ملین پاؤنڈ کی ریکارڈ کمائی کی ہے
ہالی وڈ کی اینیمیٹڈ فلم 'دی لیگو مووی' کا برطانوی سینما گھروں کے باکس آفس پر راج برقرار ہے۔ رنگین پلاسٹک کی اینٹوں اور پیلے سروں والے کرداروں پر مبنی ایکشن اور کامیڈی سے بھر پور فلم دی لیگو مووی کو برطانوی سینما گھروں کی سال کی سب سے بڑی اوپننگ ملی ہے۔

گذشتہ ہفتے ریلیز ہونے والی فلم دی لیگو مووی نے برطانوی سینما گھروں میں امکان سے زیادہ کامیابی حاصل کی۔ فلم نے باکس آفس پر پہلے ویک اینڈ پر 8 ملین پاؤنڈ کی ریکارڈ کمائی کی ہے جبکہ،بالغان کی فلم 'وولف آف وال اسٹریٹ' بھی اس کی کامیابی کے سامنے نہیں ٹھہر سکی ہے جو سینما گھروں میں 4.7 ملین پاؤنڈ کا بزنس کر کے دوسری بڑی فلم قرار پائی۔

وارنر برادرز پکچرز کی فلم دی لیگو مووی نے امریکہ کے سینما گھروں میں ریلیز ہونے کے پہلے ہی ہفتے میں 69 ملین ڈالرز کا بزنس کیا اور سر فہرست رہی۔ ہالی وڈ رپورٹرز کے مطابق فلم نے دو ہفتے سے کم دنوں میں دنیا بھر سے 200 ملین ڈالرز کا بزنس حاصل کیا ہے۔

بچوں کے پسندیدہ کارٹون کردار بیٹ مین اور ننجا ٹرٹلز پر مبنی تمام کردار لیگو بلاکس سے بنے ہوئے ہیں۔ اس اینیمیٹڈ فلم کی کہانی لیگو فلم کے ہیرو ایمٹ کے گرد گھومتی ہے جو سپر ہیروز کے ساتھ مل کر دنیا کو شیطانی طاقتوں سے بچاتا ہے ۔


فلمی مبصرین سے اس فلم نے شاندار تبصرے حاصل کئے ہیں جو بچوں کی طرح بالغان میں بھی بے حد پسند کی جارہی ہے۔ فلم کی کہانی اور اس کا گانا لوگوں میں بہت مقبول ہوا ہے جس نے یو ٹیوب کے ہٹ سونگز کی فہرست میں جگہ بنا لی ہے۔


دی لیگو فلم کو ڈین لن اور روئے لی نے پرڈیوس کیا ہے ۔اس دلچسپ فلم کےمختلف کرداروں کے لئے ہالی ووڈ کے مشہور اداکاروں لیام نیسن، کرس پریٹ، مورگن فری مین، الزبتھ بینک سمیت دیگرفنکاروں نے اپنی آوازیں دی ہیں ۔


دی گارڈین کے مطابق دی لیگو مووی ڈینش فرم کی ناقابل یقین کامیابی کی ایک کہانی ہے۔ تقریباً ایک دہائی قبل تباہی کے دہانے پر کھڑی فرم نے ایک بار پھر سے خود کو منوانے کی جدوجہد کی اور کامیاب ہوئے ۔جبکہ کمپنی کی گرتی ہوئی سیل کی وجہ سےقیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں کہ ، ڈیجیٹل دنیا کو پسند کرنے والے بچے پھر کبھی پلاسٹک کی ان رنگ برنگی اینٹوں کے شوق میں گرفتار نہیں ہو سکیں گے لیکن فلم کی کامیابی کے ساتھ ایک بار پھر سے لیگو بلاکس نے نئی کامیابیوں کی بلندیوں کو چھوا ہے۔

لیگو فرم کا کہنا ہے کہ گذشتہ سالوں کی کامیابی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ 51 رنگوں میں فروخت ہونے والے لیگو بلاکس کو اگر دنیا کے ہر فرد میں بانٹا جائے تو ہر شخص کے حصے میں 86 بلاکس آسکتے ہیں جبکہ ہر سکینڈ میں 7 لیگو سیٹ فروخت ہوتے ہیں ،اسی طرح ہر سال 400 لیگو ٹائر تیار کئے جاتے ہیں۔

وارنر برادرز نے گذشتہ روز اعلان کیا کہ وہ لیگو فلم کی کامیابی کے بعد اس فلم کا سیکوئل بنا رہے ہیں جس کی ریلیز کی تاریخ 26مئی 2017 ہو گی۔ فلمی ناقدین امید کر رہے ہیں کہ فلم کا سیکوئل بھی دی لیگو مووی کی طرح کامیابی کے اس سفر کو جاری رکھنے میں کامیاب ہو گا۔