کشمیر میں لائن آف کنٹرول پر فائرنگ کا تبادلہ

(فائل فوٹو)

پاکستانی اور بھارتی عسکری عہدیداروں کی جانب سے فائر بندی کی خلاف ورزی میں پہل کا الزام ایک دوسرے پر لگایا گیا۔
پاکستانی سکیورٹی عہدیداروں کے مطابق کشمیر میں لائن آف کنٹرول پر پیر کو بھارتی فوج نے بھاری ہتھیاروں سے پاکستانی فوجی چوکیوں پر فائرنگ کی، تاہم اس میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

تاہم بھارتی ذرائع ابلاغ نے بھارت کے سکیورٹی عہدیداروں کے حوالے سے کہا ہے کہ لائن آف کنٹرول پر فائر بندی کی خلاف ورزی پاکستان کی جانب سے کی گئی۔

پاکستانی فوجی عہدیداروں نے دعویٰ کیا کہ بھارتی فورسز نے لائن آف کنٹرول پر کوٹلی کے قریب کوٹ کٹیرا سب سیکٹر میں فائرنگ کی، جس کا موثر جواب دیا گیا۔

ایک ہفتے کے اندر لائن آف کنڑول پر فائرنگ کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔ گزشتہ جمعہ کی صبح کو بھی لائن آف کنڑول پر پونچھ سیکٹر پر بھی بھارتی اور پاکستانی فورسز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا تھا۔

جس میں دونوں جانب سے ایک دوسرے پر فائرنگ میں پہل کا الزام لگایا گیا۔

2003ء میں دونوں ملکوں کے درمیان کشمیر کے متنازع علاقے کو تقسیم کرنے والی لائن آف کنٹرول پر فائر بندی کا معاہدہ طے پایا تھا جس پر بیشتر وقت دونوں جانب سے عمل درآمد کیا جاتا رہا، لیکن گزشتہ سال اس کی خلاف ورزی کے کئی واقعات کے بعد دوطرفہ تعلقات تناؤ کا شکار ہو گئے تھے۔

تاہم بعد میں دو طرفہ اعلیٰ عسکری و سفارتی روابط کے بعد اس تناؤ میں کمی آئی اور فائر بندی کے معاہدے پر عمل درآمد کو موثر بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔