پشاور —
افغانستان میں انتخابات کے موقع پردو روز کی بندش کے بعد پاکستان سے ملحقہ طورخم سرحدی گذرگاہ اتوار کو ہر قسم کی آمد ورفت اور دو طرفہ تجارت کیلئے کھول دی گئی۔
طورخم ضلع خیبر کے انتظامی افسر تحصیلدار شکیل برکی نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ سرحد کھلنے کے ساتھ ہی آمد ورفت اور دوطرفہ تجارت معمول پر آناشروع ہوگئی۔
بندش کے باعث طورخم میں پچھلے دو دنوں سرحد کے پار آنے اور جانے والے سینکروں لوگ جمع تھے۔
افغانستان اور پاکستان میں انتخابات ،مختلف تہواروں اور اہم دنوں سمیت سیاسی محاذ آرائی اور پر تشدد واقعات کے موقع پرسرحدی گزرگاہیں بند کردی جاتی ہیں جاتی ہیں۔
خیبر میں ٹرانسپورٹرز تنظیم کے ایک عہدیدار شاکر آفریدی نے وائس آف امریکہ کو بتایاکہ گزر گاہوں کی بندش سے نہ صرف عام لوگوں بلکہ ٹرانسپورٹرز اور تاجروں کو بھی بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑتا ہے۔