چین کے شہر ووہان سے پھیلنے والے کرونا وائرس نے جنوبی کوریا کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ اتوار کو جنوبی کوریا میں وائرس سے مزید 2 افراد ہلاک ہوگئے جس کے بعد مرنے والوں کی مجموعی تعداد 4 ہوگئی ہے۔
اتوار کو 123 نئے کیسز بھی رپورٹ ہوئے جس سے کیسز کی مجموعی تعداد 556 ہوگئی ہے۔
چین میں اتوار کو مزید 97 افراد مارے گئے جس سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 2442 ہوگئی ہے۔ علاوہ ازیں اتوار کو 648 نئے کیسز بھی رپورٹ ہوئے۔
اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق ایران اور اٹلی میں بھی کرونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد میں اضافہ نوٹ کیا گیا ہے جس کے بعد وہاں حفاظتی انتظامات انتہائی سخت کردیئے گئے ہیں۔
اٹلی میں اب تک چار اور ایران میں 5 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ ایران کے 14 صوبوں میں اسکول، یونیورسٹیز اور ثقافتی مراکز بند رکھنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ سنیما ہالز اور تمام ثقافتی پروگراموں پر پابندی لگا دی گئی ہے۔
ایران میں اتوار کو 28 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جب کہ مرنے والوں کی تعداد 5 ہوگئی ہے۔ اس تعداد میں تیزی سے اضافہ ہونے کے خدشات ظاہر کئے جارہے ہیں۔
اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق ایران میں ہونے والے پارلیمانی انتخابات کی تیاریوں کے دوران وائرس کے تیزی سے پھیلنے کی اطلاعات ہیں۔
عراق نے جمعرات سے ایران جانے اور آنے پر پابندی عائد کردی ہے جب کہ کویت ایروئز نے اپنی تمام پروازیں منسوخ کردی ہیں۔
ادھر اٹلی کے کاروباری مرکز میلان کے ایک درجن قصبوں میں آباد تقریبا 50 ہزار افراد کو گھروں تک محدود کردیا گیا ہے جب کہ دکانیں اور اسکور بند رکھنے کی اپیل کی گئی ہے۔
اٹلی میں کرونا وائرس کا پہلا کیس جمعہ کو رپورٹ ہوا تھا جس کے بعد اٹلی یورپ کا پہلا ملک بن گیا جہاں وائرس سے ایک شخص ہلاک ہوگیا۔ اس شخص نے چین سے آنے والے اپنے دوست کے ساتھ کھانا کھایا تھا جس سے وہ وائرس کا شکار ہوا۔
وائرس سے پہلی موت جمعہ کو جب کہ دوسری موت ہفتے کو ہوئی۔
اٹلی کے وزیر اعظم جیساپی کونٹے کا کہنا ہے کہ حکومت وائرس پر قابو پانے کے لئے غیر معمولی اقدات کر رہی ہے۔