روس کا واٹس ایپ، اسنیپ چیٹ اور دیگر سوشل میڈیاپلیٹ فارمز پر جرمانہ

فائل

ویب ڈیسک۔ روس کے دارالحکومت ماسکو کی ایک عدالت نے جمعرات کو سوشل میڈیا سروسز واٹس ایپ ، اسنیپ چیٹ اور دیگر غیر ملکی سوشل میڈیا کمپنیوں پر ملک کے اندر صارفین کا ڈیٹا ملک کے اندر مقامی طور پر ذخیرہ کرنے سے مبینہ انکار پر جرمانہ عائد کیاہے۔

خبررساں ادارے اسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق عدالت نے روس کے اسٹیٹ کمیونیکیشن ریگولیٹر روزکومنزدور کی شکایت پر غور کیا جس میں سوشل میڈیا سروسز پر جرمانے عائد کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

عدالتی فیصلے کے مطابق سنیپ چیٹ کی مالک "سنیپ انک" پر 1 ملین روبل (تقریباً س17 ہزار امریکی ڈالر) کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔

میٹا کی ملکیت والے واٹس ایپ میسنجر پر روسی فیڈریشن کی سرزمین پر روسی صارفین کے ڈیٹا کو لوکلائز کرنے سے بار بار انکار کرنے پر 18 ملین روبل (تقریباً تین لاکھ امریکی ڈالر) جرمانہ کیا گیا۔

احتجاجی سرگرمیوں کے لیے سوشل میڈیا کا استعمال

عدالت نے ٹنڈر کے مالک "میچ گروپ "پر 2 ملین روبلز، ہوٹیلز ڈاٹ کام ، سنیپ ، ایکسپیڈیا گروپ انک پر 1 ملین روبلز، اور میوزک اسٹریمنگ سروس سپوٹی فائی پر 5 لاکھ روبلز کا جرمانہ کیا ہے ۔

24 فروری کو روس کی جانب سے اپنی مسلح افواج کو یوکرین میں بھیجنے کے بعد سے بڑھے ہوئے تنازعات میں مواد، سنسرشپ، ڈیٹا اور مقامی نمائندگی پر ماسکو کا بڑی کمپنیوں کے ساتھ جھگڑا چل رہا ہے۔

اگست 2021 میں اسی جرم پر وٹس ایپ پر 4 ملین روبل (64 ہزار امریکی ڈالر) کا جرمانہ عائد کیا گیا تھا۔

ایکسپیڈیا گروپ نے ایک بیان میں کہا کہ وہ عدالت کے فیصلے کا جائزہ لے رہا ہے، لیکن اس کے پاس فراہم کرنے کے لیے مزید معلومات نہیں ہیں۔

دوسری کمپنیوں نے فوری طور پر تبصرہ کی درخواستوں کا جواب نہیں دیا۔

SEE ALSO: کیا طالبان اپنا ڈیجیٹل اثرو رسوخ کھو رہے ہیں؟

سپاٹیفائی نے مارچ میں اپنا روسی دفتر بند کر دیا تھا اور اس کے فوراً بعد ملک میں اپنی سروس معطل کر دی تھی۔

روس نے میٹا کے فلیگ شپ پلیٹ فارمز فیس بک اور انسٹاگرام کے ساتھ ساتھ ساتھی سوشل نیٹ ورک ٹویٹر (TWTR.N) تک رسائی کو بھی محدود کر دیا ہے۔

روسی پارلیمان کی کمیٹی برائے انفارمیشن پالیسی کے نائب سربراہ انتون گوریلکن نے کہا کہ 2015 میں ڈیٹا ذخیرہ کرنے کا قانون منظور ہونے کے بعد سے 600 سے زائد غیر ملکی کمپنیوں نے روس کے مطالبات پر اتفاق کیا ہے۔

(خبر کا مواد اے پی اور رائیٹرز سے لیا گیا )