لیبر ڈے پر صدر بائیڈن کا محنت کشوں کو خراج تحسین

گزشتہ برس لیبر ڈے کے موقع پر صدر بائیڈن لیبر یونین کے کچھ ارکان کے ساتھ۔ اے پی فوٹو

ہرسال ستمبرکے پہلے پیرکو امریکہ میں لیبر ڈےیا محنت کشوں کا دن منایا جاتا ہے۔ یہ دن امریکہ کی خوشحالی میں اس کے ورکرز ے حصے اور ان کی خدمات کے اعتراف کے طور پر منایا جاتا ہے۔

صدر جو بائیڈن نے پیر کو لیبر ڈے کی سالانہ تعطیل کی تقریبات میں شرکت کے لئے کلیدی ریاستوں وسکانسن اور پنسلوانیا کا سفر کیا۔

اپنے خطاب میں صدر نے ملک کی مڈل کلاس کو یہ کہتے ہوئے خراج تحسین پیش کیا کہ متوسط طبقے نے امریکہ کی تعمیر کی ہے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ یہ یونینز ہیں جن کی وجہ سے متوسط طبقے کی تشکیل ہوئی۔

اس سے قبل صدر نے اتوار کے روز ریا ست کیلیفورنیا کے کے اس اقدام کے لیے اپنی حمایت کا اظہار کیا تھا جو زرعی کارکنوں کو یونین کے انتخابات میں ووٹ ڈالنے کے زیادہ وسیع طریقے فراہم کرے گا۔

کیلیفورنیا کی مقننہ نے اس بل کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت کارکنوں کو بذریعہ ڈاک، یونین کے لئے ووٹ کاسٹ کرنے کی اجازت ہوگی۔تاہم کیلیفورنیا کے گورنر گیون نیوزوم نے، اس اقدام کی موجودہ شکل میں مخالفت کی ہے، اور ایک ترجمان نے اس نظام کی آزمائش نہ کئے جانے اور الیکشن کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات نہ ہونے کے خدشات پر بات کی ہے۔

بائیڈن کا کہنا تھا کہ "حکومت کو ورکرز کی کی تنظیموں کے لئےرکاوٹیں کھڑی کرنے کے بجائے انہیں دور کرنے کے لیے کام کرنا چاہیے —لیکن بالآخریہ انتخاب ورکرز کو کرنا ہوگا کہ آیا کسی یونین کو منظم کیا جائے ۔ "

لیبر سکریٹری مارٹی والش ان تقریبات میں صدربائیڈن کے ساتھ شرکت کر رہی ہیں۔

SEE ALSO: امریکہ میں 'لیبر ڈے' یکم مئی کو کیوں نہیں منایا جاتا؟
SEE ALSO: اچھی ملازمت درکار ہوئی تو یونین میں شامل ہوں گا: اوباما

امریکہ میں محنت کشوں کے اعزاز میں لیبرڈے کی تعطیل کا آغاز 1894 میں ہوا تھا، اور اس موقع پر ملک بھر کے شہروں میں پریڈ اور دیگر تقریبات کا انعقاد کیا جا تا ہے۔

محنت کشوں کا یہ دن موسم گرما کے غیر سرکاری اختتام کی بھی نمائندگی کرتا ہے جس میں لوگ بڑی تعداد میں سفر کرتے ہیں اور سفر کے لحاظ سے یہ انتہائی مصروف لانگ ویک اینڈ ہوتا ہے۔

بہت سے اسکولوں میں یہ موسم گرما کی چھٹیوں کا اختتام ہو تا ہےجب بچے اپنا تعلیمی سال شروع کرنے کے لیے تیار ہوتے ہیں۔

اس رپورٹ کے لئے کچھ مواد خبر رساں ایجنسی اے پی سے لیا گیا ہے