آسٹریلیا نے کرکٹ مقابلوں میں اپنے غلبے کو برقرار رکھتے ہوئے اتوار کو انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ کے فائنل میں بھارت کی ٹیم کو 79 رنز سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
آسٹریلیا کی قومی کرکٹ ٹیم نے سال دو ہزار تئیس میں عالمی کپ اور ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ جیت لی تھی جبکہ آسٹریلیا کی خواتین کی کرکٹ ٹیم بھی اس وقت پچاس اوورز کی کرکٹ اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ورلڈ چیمپئن ہے۔
جنوبی افریقہ کے شہر ولومور پارک میں اتوار کو کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پچاس اوورز میں 253 رنز بنائے۔ بائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والے ہرجاس سنگھ نے تیز رفتاری سے کھیلتے ہوئے 55 رنز بنائے۔
جواب میں بھارت کی انڈر نائنٹین ٹیم 174 رنز بنا کر آوٹ ہو گئی۔ یہ میچ یکطرفہ رہا۔
بھارت کی جانب سے اوپنر آدرش سنگھ نے 47 اور مروگن ابھیشک نے نچلے نمبروں پر بیٹنگ کرتے ہوئے 42 رنز بنائے اور نمایاں اسکورر رہے۔
SEE ALSO: آئی سی سی ٹیمز آف دی ایئر، کوئی پاکستانی کرکٹر شامل نہیںآسٹریلیا کے لیے فاسٹ باولر مہلی بئرڈ مین نے پندرہ رنز دے کر تین کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ راف میکلین نے بھی 41 رنز کے عوض تین وکٹیں حاصل کیں۔
پاکسان کی انڈر 19 ٹیم بھی اس ورلڈ کپ میں سیمی فائنل تک پہنچی تھی لیکن ناک آوٹ مرحلے میں آسٹریلیا کے ہی ہاتھوں ایک وکٹ سے ہار گئی تھی۔
پورے ایونٹ میں بہترین کارکردگی کے ساتھ سیمی فائنل میں پہنچنے والی پاکستانی ٹیم سیمی فائنل میں صرف 179 رنز کا ہدف دے سکی تھی تاہم آسٹریلیا کی ٹیم صرف ایک وکٹ سے ہی جیتنے میں کامیاب ہوئی۔
آسٹریلیا نے چوتھی بار انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ جیتا ہے جبکہ بھارت یہ ٹائٹل پانچ بار اور پاکستان دو بار جیت چکا ہے۔
انگلینڈ، ویسٹ انڈیز، جنوبی افریقہ اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں ایک ایک بار انڈر نائنٹین چیمپئن رہی ہیں۔