بھارت میں پارلیمانی انتخابات کے پانچویں مرحلے کے لئے پولنگ جاری ہے جبکہ بعض مقامات سے پر تشدد واقعات کی بھی اطلاعات موصول ہو ئی ہیں۔
پانچویں مرحلے کے لئے جن حلقوں میں پولنگ ہو رہی ہے ان میں بہار، جھارکھنڈ، مدھیہ پردیش، راجستھان، اترپردیش، مغربی بنگال اور بھارت کے زیر انتظام کشمیر شامل ہے۔ اس مرحلے میں کل 674 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہے۔
حکمران اور اپوزیشن جماعتیں ایک دوسرے پر پر تشدد کارروائیوں کے الزامات عائد کر رہی ہیں۔ حکومتی وزیر اسمرتی ایرانی نے راہول گاندھی پر جعلی ووٹ ڈلوانے کا الزام عائد کیا ہے۔
انتخابات کے پانچویں مرحلے کے لئے 51 حلقوں میں ووٹ ڈالے جارہے ہیں، آج 9 کروڑ رائے دہندگان اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے اس کے باوجود اب تک ہونے والے چار مرحلوں کے مقابلے میں یہ سب سے چھوٹا مرحلہ قرار دیا گیا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ خواتین امیدواروں کی شرح سب سے زیادہ یعنی بارہ فیصد ہے۔ جن میں سب سے بڑی اپوزیشن جماعت کانگریس کی اہم رہنما سونیا گاندھی اور حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کی سرگرم وزیر اور سابق اداکارہ اسمرتی ایرانی بھی شامل ہیں۔
مرد امیدواروں میں کانگریس کے سربراہ راہول گاندھی، بی جے پی کے اہم عہدیداراوروزیرداخلہ راج ناتھ سنگھ بھی آج کے امیدواروں میں سرفہرست ہیں۔
پولنگ کے لئے 96 ہزارپولنگ اسٹیشن بنائے گئے ہیں جہاں غیر معمولی حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔ مغربی بنگال میں ریاستی پولیس کے بجائے مرکزی دستے تعینات کیے گئے ہیں۔
ماہرین کے مطابق یہ مرحلہ بھی بی جے پی کے لیے بہت اہم ہے۔ اس نے گزشتہ الیکشن میں ان حلقوں سے 40 نشستیں جیتی تھیں لیکن اس بار اسے سخت مقابلے کا سامنا ہے۔
اب تک کے چار مرحلوں کے انتخابات میں مجموعی طور پر امن و امان کی صورتحال بہتر رہی ہے۔ تاہم چند مقامات پر ہنگامہ آرائی اور دھاندلی کے الزامات لگائے گئے ہیں۔
کشمیر کے ضلع پلوامہ کے ایک پولنگ بوتھ پر دستی بم پھینکے جانے کی اطلاعات موصول ہوئیں ہیں۔ تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
مغربی بنگال کے براک پورہ پارلیمانی حلقے میں بی جے پی کے امیدوار جن سنگھ نے اپنے اوپر ہوئے حملے کا الزام ترنمول کانگریس کے کارکنوں پر لگایا ہے۔
بہار کے چھپرا حلقے کے ایک پولنگ بوتھ پر الیکٹرانک ووٹنگ مشین توڑ دی گئی جبکہ کئی جگہوں پر مشینیں خراب پائی گئیں۔
امیٹھی سے بی جے پی کی امیدوار مرکزی وزیراسمرتی ایرانی نے کانگریس کے صدراور اپنے حریف راہول گاندھی پر فرضی ووٹ ڈلوانے کا الزام عائد کیا ہے۔