شمالی و جنوبی کوریا کے منقسم خاندانوں کی ملاقات

کوریائی جنگ کے نتیجے میں منقسم ہونے والے جنوبی کوریا کے عمر رسیدہ افراد کے ایک گروپ نے شمالی کوریا میں رہ جانے والے اپنے خاندان کے افراد سے ملاقات کی ہے۔

شمالی کوریا کے سیاحتی مقام ماؤنٹ کمگانگ میں ہونے والی اس ملاقات میں جنوب کے 390 اور شمال سے 140 افراد شریک ہوئے۔

جنوبی کوریا اور شمالی کوریا کے بزرگ افراد نے اکٹھے وقت گزارا۔ تحائف اور خاندان کے دیگر افراد کی تصاویر کا تبادلہ کیا۔

بچھڑے خاندانوں کی ملاقات کے موقع پر نہایت جذباتی منظر دیکھنے میں آئے۔

جنوبی کوریا شمال پر زور دیتا رہا ہے کہ وہ ان منقسم خاندانوں کی باقاعدگی سے ملاقات کی اجازت دے۔

اس سے قبل گزشتہ سال فروری میں اس قسم کی تقریب منعقد ہوئی تھی۔

1950ء کی دہائی میں کوریائی جنگ کے نتیجے میں دونوں جانب مقیم یہ خاندان بہت کم ہی ایک دوسرے سے مل پائے تھے۔