بانی پاکستان محمد علی جناح کا 141 واں یوم پیدائش اتوار کو منایا جا رہا ہے اور اس موقع کی مناسبت سے ملک کی قیادت نے قوم سے قائداعظم کی تعلیمات اور راہنما اصولوں سے استفادہ کرتے ہوئے اتحاد و اتفاق کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
ملک میں قائد اعظم کے یوم پیدائش پر عام تعطیل ہے اور تمام سرکاری و نجی عمارتوں پر قومی پرچم لہرایا گیا ہے۔
اتوار کی صبح کراچی میں قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب ہوئی جس میں پاکستانی فوج کی مرکزی تربیت گاہ کاکول کے کیڈٹس نے گارڈز کے فرائض سنبھالے۔
اس دن کی مناسبت سے ملک بھر میں مختلف تقاریب کا اہتمام بھی کیا گیا ہے۔
صدر ممنون حسین نے قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ قائداعظم کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ ہے کہ ان کے افکار پر عمل کرتے ہوئے تمام تر توانائیاں اور صلاحتیں قومی ترقی کے لیے وقف کی جائیں۔
وزیراعظم نواز شریف نے اپنے ایک الگ پیغام میں کہا کہ انتہا پسندانہ قوتوں کو شکست دینے، جمہوریت، پرامن بقائے باہمی اور قانون کی حکمرانی کے اصولوں کی سربلندی کے لیے قوم کو اپنی صفوں میں اتحاد کی ضرورت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ قائد اعظم کے اتحاد، یقین اور تنظیم کے اصولوں ہمارے لئے مشعل راہ ہونے چاہیں اور ہمیں قومی اتحاد اور ایک خوشحال و ترقی یافتہ پاکستان کے حصول کا عہد کرنا چاہیے۔
محمد علی جناح 25 دسمبر 1876ء کو کراچی میں پیدا ہوئے تھے۔ انھوں نے برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک علیحدہ ریاست کے لیے جدوجہد کی جس کے نتیجے میں 14 اگست 1947ء کو پاکستان معرض وجود میں آیا۔