افغانستان میں گزشتہ ماہ اغوا ہونے والی ایک بھارتی خاتون امدادی کارکن ہفتہ کو بازیاب ہو گئی ہیں۔
بھارتی وزیرخارجہ سشما سوراج نے ٹوئٹر پر تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ جوڈتھ ڈی سوزا اب آزاد ہیں اور وہ شام تک وطن واپس پہنچ جائیں گی۔
تاہم نہ ہی سوراج اور نہ ہی کسی اور بھارتی عہدیدار نے ڈی سوزا کی بازیابی کی تفصیلات تاحال فراہم کی ہیں۔
40 سالہ جوڈتھ ڈی سوزا 30 ممالک میں تعلیم و صحت کے شعبوں میں معاونت کرنے والی بین الاقوامی تنظیم "آغا خان فاؤنڈیشن" کے لیے کام کرتی رہی ہیں اور انھیں نو جون کو کابل میں ان کے دفتر کے باہر سے اغوا کیا گیا۔
یہ فاؤنڈیشن 2002ء سے افغانستان میں دیہی ترقی، صحت، تعلیم اور نکاسی آب کے لیے کام کرتی آرہی ہے۔ ڈی سوزا ایک سال سے اس سے وابستہ تھیں۔
ان کی بہن اگنس ڈی سوزا نے صحافیوں سے گفتگو میں جوڈتھ کی بازیابی پر حکومت اور وزیرخارجہ سشما سوراج کا شکریہ ادا کیا۔
افغانستان میں امدادی کارکنوں اور دیگر ملکوں کے شہریوں کو اغوا کرنے کے واقعات رونما ہوتے رہے ہیں اور ان وارداتوں میں شدت پسندوں کے علاوہ بعض جرائم پیشہ گروہ بھی شامل ہیں۔