ایک مسلح شخص نے جمعے کے روز الینوائے کے شہر ارورا کے ایک صنعتی گودام میں گولیاں چلائیں۔
قانون کے نفاذ سے وابستہ اہلکاروں نے بتایا ہے کہ واقعے میں پانچ افراد ہلاک جب کہ پانچ پولیس اہل کار زخمی ہوئے۔ بعدازاں گولیاں چلانے والے کو ہلاک کیا گیا۔
ارورا کے پولیس سربراہ، کرسٹن زمان نے کہا ہے کہ مسلح شخص 45 برس کا گیری مارٹن تھا، جو اس صنعتی کمپلیکس کا ہی ایک ملازم تھا۔
ارورا محکمہٴ پولیس نے 2 بجے شام ایک ٹوئیٹ میں کہا تھا کہ ’’641 آرچر اوینیو پر گولیاں چلنے کا ایک واقع ہوا۔ جو ابھی جاری ہے۔ علاقے سے دور رہنے کا التماس ہے‘‘؛ اور یہ کہ مزید تفصیل موصول ہونے پر بتائی جائے گی۔
ارورا کا شہر شگاگو کے مغرب میں اندازاً 50 میل (80.5کلومیٹر) کے فاصلے پر واقع ہے۔ ایک گھنٹے بعد ایک ٹوئیٹ آیا جس میں بتایا گیا کہ مشتبہ شخص کو گرفتار کیا گیا ہے۔
کین کاؤنٹی کرونر کے ترجمان نے کہا ہے کہ حملے میں کم از کم ایک شخص ہلاک ہوا۔
حملے میں چار پولیس اہلکار اور متعدد شہری زخمی ہوئے۔ یہ بات الینوائے کے فریٹرنل آرڈر آف پولیس کے سربراہ، کرس ساؤتھ ووڈ نے ایک تحریری بیان میں کہی ہے۔
اسپتال کی خاتون ترجمان، کوورٹنی ستلاک نے رائٹرز کو ایک اِی میل میں بتایا ہے کہ گولیاں چلنے کے اس واقعے میں دو افراد زخمی ہوئے، جنھیں ارورا کے ایک طبی مرکز میں منتقل کیا گیا، جن کا علاج کیا جارہا ہے۔
ارورا شہر کے ترجمان، کلیٹن محمد نے مقامی اے بی سی کو بتایا کہ ایک مقامی اسپتال میں زخمی پولیس اہلکاروں کی حالت خطرے سے خالی ہے۔
مقامی ذرائع ابلاغ میں آنے والی ایک وڈیو فٹیج میں دکھایا گیا ہے کہ متعدد پولیس اہلکاروں نے ارورا کی ایک بڑی کاروباری عمارت کو گھیرے میں لیا ہوا ہے، جو شکاگو سے تقریباً 40 میل (64 کلومیٹر) کے فاصلے پر واقع ہے۔